وی اے آر کے فیصلے قسمت کا کھیل بن گئے، مینیجر مین سٹی
- پوائنٹس ٹیبل پر آرسنل کی برتری، مین سٹی 5 پوائنٹس کے خسارے کے باوجود ٹائٹل کی دوڑ میں شامل
مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیولا نے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) سسٹم کا موازنہ ٹاس سے کیا اور کہا کہ ان کی ٹیم کو اتنا اچھا کھیلنا ہوگا کہ وہ ان کے خلاف جانے والے فیصلوں کے اثرات سے بچ سکیں۔
اس ہفتے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کا پریمیئر لیگ کی ٹاپ پوزیشن پر موجود ٹیم آرسنل کے خلاف آخری لمحات میں ہونے والا گول منسوخ ہونے کے بعد وی اے آر ایک بار پھر کڑی تنقید کی زد میں ہے، یہ ایک ایسا فیصلہ تھا جو ٹائٹل کی دوڑ میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
بدھ کو کرسٹل پیلس کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے میچ سے قبل رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے گارڈیولا نے کہا کہ ہم صرف ایک ہی کام کر سکتے ہیں اور وہ ہے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا، کیونکہ یہی آپ کے اختیار میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایف اے کپ کے دو فائنل اس لیے ہارے کیونکہ ریفریز اور یہاں تک کہ وی اے آر نے وہ کام نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا۔ جب ایسا ہوتا ہے تو اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ہمیں خود بہتر کارکردگی دکھانی چاہیے، نہ کہ ریفریز یا وی اے آر کو۔
گارڈیولا کا کہنا تھا کہ جب سے میں یہاں (سٹی میں) آیا ہوں میں نے کبھی کسی چیز پر بھروسہ نہیں کیا۔ میں نے یہ سیکھا ہے کہ آپ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہوگی اور اس پوزیشن میں آنا ہوگا جہاں آپ خود پر قابو رکھ سکیں، ورنہ آپ خود کو ہی موردِ الزام ٹھہرائیں گے، کیونکہ وی اے آر کا فیصلہ تو سکے کے ٹاس کی طرح (بے یقینی) ہے۔
سٹی اس وقت آرسنل سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے لیکن اس نے لندن کی ٹیم کے مقابلے میں ایک میچ کم کھیلا ہے۔
گارڈیولا نے مزید کہا کہ ہم اس میچ میں کھیلیں گے، پھر ہم بورن ماؤتھ جائیں گے اور آخری میچ آسٹن ولا میں ہوگا۔ اہم بات کل کا میچ ہے اور پھر دیکھیں گے کہ اگلے میچوں میں کیا ہوتا ہے۔
























Comments