سوزوکی نے فرونکس ایکس یو وی متعارف کرا دی، ابتدائی قیمت 5.99 ملین روپے مقرر
- کمپنی نے نومبر 2025 میں پاکستان آٹو شو کے دوران سوزوکی فرونکس کی رونمائی کی تھی
پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے پاکستان میں سوزوکی فرونکس (فرونکس ایکس یو وی) لانچ کردی جس کی ابتدائی قیمت 59 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
نومبر 2025 میں کمپنی نے پاکستان آٹو شو کے دوران سوزوکی فرونکس کی رونمائی کی تھی جس میں ایک نئی کیٹیگری ایکس یو وی کے تحت پہلی مقامی طور پر تیار کردہ گاڑی کے ذریعے اپنے پروڈکٹ پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق سوزوکی فرونکس اعلیٰ درجے کی عملی خصوصیات سے لیس ہے جو صارفین کے روزمرہ ڈرائیونگ کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہیں جن میں پارکنگ سینسرز، ریئر کیمرہ، پُش اسٹارٹ، کروز کنٹرول اور اسٹیئرنگ پر موجود کنٹرولز شامل ہیں۔
پاک سوزوکی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ گاڑی 9 انچ کے انفوٹینمنٹ سسٹم سے لیس ہے جس میں ایپل کار پلے ، اینڈرائیڈ آٹو اور وائس کمانڈ کی خصوصیات موجود ہیں۔ حفاظتی فیچرز میں چھ ایئر بیگز، ای ایس پی کے ساتھ اے بی ایس اور ہارٹیکٹ پلیٹ فارم پر ہِل ہولڈ کنٹرول شامل ہیں۔ یہ گاڑی 6 اسپیڈ ٹرانسمیشن کے ساتھ 1.5 لیٹر کے-سیریز انجن سے لیس ہے۔
سوزوکی فرونکس کی افتتاحی قیمت کا اطلاق 7 مئی 2026 سے ہوگیا ہے۔
- سوزوکی فرونکس جی ایل ایم ٹی کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔
- سوزوکی فرونکس جی ایل 4 اے ٹی کی قیمت 60 لاکھ 99 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔
- سوزوکی فرونکس جی ایل ایکس 6 اے ٹی ہائبرڈ (مونو۔ ٹون) کی قیمت 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔
- سوزوکی فرونکس جی ایل ایکس 6 اے ٹی ہائبرڈ (ٹو ٹون) کی قیمت 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی کےایگزیکٹو آفیسر مارکیٹنگ اینڈ سیلز عامر شفیع نے فرونکس کو ایک نئی کیٹیگری میں اسٹریٹجک انٹری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی جدید اور اسٹائل کو اہمیت دینے والے صارفین کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جو جرأت مندانہ ڈیزائن اور پرکشش ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس گاڑی کو مارکیٹ میں موجود واضح خُلا کو مدنظر رکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر متعارف کرایا گیا ہے جو اُن صارفین کے لیے اسٹائل، کارکردگی اور قدر کا بہترین امتزاج فراہم کرتی ہے جو اپ گریڈ کے خواہشمند ہیں۔
عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے ایس یو وی رجحان کے مطابق یہ گاڑی پریمیم ہیچ بیک اور سیڈان صارفین کے لیے ایک اپ گریڈ آپشن فراہم کرتی ہے تاکہ وہ عالمی ٹرینڈ کا حصہ بن سکیں، اپنے طرزِ زندگی کو بہتر بنا سکیں اور اپنی نقل و حرکت کے سفر کو بغیر رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔
سوزوکی فرونکس میں اعلیٰ درجے کی عملی سہولیات شامل کی گئی ہیں جو صارفین کے لیے روزمرہ ڈرائیونگ کے تجربے کو مزید بہتر اور نفیس بناتی ہیں۔
بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے آٹو ایکسپرٹ عثمان انصاری نے اس لانچ کو ایک خوش آئند علامت قرار دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ سیڈان اور ہیچ بیک کا وقت گزر چکا ہے اور اب صارفین اور عام لوگ ایس یو وی، ایکس یو وی یا جیپ چلانا پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک سوزوکی فرونکس کے تینوں ماڈلز یا ورینٹس کی قیمتوں کا تعلق ہے تو وہ مقامی مارکیٹ کے حساب سے بہت زیادہ مناسب ہیں۔
عثمان انصاری نے بتایا کہ یہ گاڑی بھارت میں تقریباً دو سال قبل لانچ کی گئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حفاظتی فیچرز کی بدولت یہ گاڑی زیادہ کامیاب رہی ہے۔
دریں اثنا آٹو اینالسٹ محمد صابر شیخ کا کہنا ہے کہ چینی اور جنوبی کوریائی کار ساز اداروں نے روایتی سیڈان اور ہیچ بیک کے بجائے ایس یو ویز اور کراس اوورز پر توجہ مرکوز کر کے صارفین کی ترجیحات کو بدل دیا ہے جنہیں اب پہلے سے کہیں زیادہ اسٹائلش سمجھا جاتا ہے۔
محمد صابر شیخ نے کہا کہ جاپانی کار ساز ادارے اب اس رجحان کی پیروی کر رہے ہیں اور صارفین کی بدلتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنی گاڑیوں کی لائن اپ میں تبدیلیاں لا رہے ہیں۔

























Comments