رمضان 2026 : زکوٰۃ کے لیے کم از کم نصاب 503,529 روپے مقرر
- حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی یکم رمضان المبارک کو کی جائے گی
حکومت نے زکوٰۃ سال 47-1446ھ کے لیے نصاب 503,529 روپے مقرر کر دیا، جو سیونگز بینک اکاؤنٹس، نفع و نقصان کی شراکت والے اکاؤنٹس اور اسی نوعیت کے دیگر اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے معیار ہوگا۔
وزارت تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے 16 فروری 2026 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور زکوٰۃ جمع کرنے والے تمام کنٹرولنگ اداروں کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی یکم رمضان المبارک کو کی جائے گی، جس کا امکان چاند کی رویت کے مطابق 19 یا 20 فروری 2026 کو ہے۔
زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 کی دفعات کے تحت یکم رمضان المبارک کو جن بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم 503,529 روپے سے کم ہوگی، ان سے زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ کٹوتی صرف ان اکاؤنٹس سے کی جائے گی جن میں کریڈٹ بیلنس مقررہ نصاب کے برابر یا اس سے زیادہ ہوگا۔
تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کٹوتی کے بعد زکوٰۃ کی رقم فوری طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں برقرار سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زکوٰۃ کے نصاب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2025 میں زکوٰۃ کا نصاب 179,689 روپے مقرر کیا گیا تھا، جبکہ اس سے پچھلے سال یہ رقم 135,179 روپے تھی۔
























Comments