وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت نویں او آئی سی خواتین کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق اجلاس
- کانفرنس کی میزبانی پاکستان کی خواتین کے حقوق کو فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے، نائب وزیراعظم
وزارتِ خارجہ کے مطابق بدھ کو نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں کی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی میزبانی پاکستان رواں سال کرے گا۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات، لوجسٹکس اور موضوعاتی نشستوں کو حتمی شکل دینے پر توجہ دی گئی، جبکہ نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ منتظمین کے ساتھ تعاون اور او آئی سی سیکرٹریٹ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسحاق ڈار زور دیا کہ کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے خواتین کے حقوق کو فروغ دینے اور سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں ان کے کردار کو مضبوط کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔
اجلاس میں وزیرِ قانون و انصاف، وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، کابینہ اور انسانی حقوق کی ڈویژنوں کے سکریٹریز سمیت متعلقہ وزارتوں کے سینئر اہلکار بھی شریک ہوئے۔





















Comments