خیبرپختونخوا میں کارروائیاں ، 7 کروڑ 44 لاکھ مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط
- ڈی آئی خان میں تین ٹرکوں سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سپاری، غیرملکی سگریٹس اور ٹائرپکڑے گئے ، کریک ڈاؤن کے بعد گودام سربمہر
ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) ایبٹ آباد نے بڑے کریک ڈاؤن کے دوران 3 ہزار گانٹھیں کچی تمباکو کی قبضے میں لے لیں۔ایف بی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ ہر گانٹھ کا وزن تقریباً 80 ہزار کلوگرام تھا۔ کارروائی کے دوران متعلقہ گودام سیل کر دیے گئے ہیں اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ آپریشن خطے کی تاریخ میں تمباکو کی سب سے بڑی ضبطی میں سے ایک ہے، جو اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے عزم کی واضح مثال ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آر ٹی او ایبٹ آباد کی یہ کارروائی ریونیو کے ضیاع کو روکنے، غیر قانونی سپلائی چین کا خاتمہ کرنے اور قانون کی پاسداری کرنے والے کاروباروں کے تحفظ کے لیے ادارے کے پختہ ارادے کی عکاسی کرتی ہے۔
اتوار کے روز کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ پشاور نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں منظم کارروائیوں کے دوران تقریباً 7 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا برآمد کیں۔
سب سے بڑی کارروائی میں ڈی آئی خان میں تین ٹرک روکے گئے جن میں 12 ہزار 200 کلو گرام اسمگل شدہ سپاری، 4,021 پیکٹس غیرملکی سگریٹس اور 170 ٹائر موجود تھے۔ ضبط کی گئی اشیا اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 45 لاکھ روپے بتائی گئی۔
ڈی آئی خان ہی میں کسٹمز حکام نے مختلف مسافر گاڑیوں سے بغیر ڈیوٹی ادا کیے گئے کاسمیٹکس بھی قبضے میں لیے، جن میں کریمیں، لوشنز، شیمپو اور پیٹرولیم جیلی شامل تھیں۔ ان اشیا کی مالیت 24 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔
























Comments
Comments are closed.