فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
- عوامی حمایت سے پاکستان دہشتگردوں اور ان کے نظریے کو شکست دے گا، ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے پر خطاب
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کو بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جہاں بھی پایا گیا، سخت نشانہ بنایا جائے گا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے کے دوران آرمی چیف کو سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے۔
پاکستانی عوام، بالخصوص دورانِ ڈیوٹی شہید یا زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوامی حمایت سے پاکستان دہشتگردوں اور ان کے نظریے کو شکست دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔
یہ پیشرفت ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے دوبارہ بڑھتے ہوئے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا دفاع کیا تھا۔ انہوں نے انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا الزام سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پر عائد کیا۔
اپیکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث حکومت یہ اقدامات کرنے پر مجبور ہوئی۔
انہوں نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت پر دہشتگردوں کو واپس آنے کی اجازت دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اقدامات نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچایا۔






















Comments