عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں جمعرات کو معمولی کمی دیکھی گئی، جب سرمایہ کاروں نے ریکارڈ سطح عبور ہونے کے بعد منافع سمیٹا جب کہ بدھ کے روز سونے کی قیمت پہلی مرتبہ 4,000 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی تھی۔
اسپاٹ گولڈ 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,029.86 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا، اسی طرح بدھ کو اس نے بلند ترین سطح 4,059.05 ڈالر چھوئی۔ امریکی سونے کے فیوچرز دسمبر ڈیلیوری کے لیے 0.6 فیصد گھٹ کر 4,047.80 ڈالر فی اونس رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے اشاروں اور امریکا میں سود کی شرحوں میں ممکنہ کمی کی توقعات نے حالیہ دنوں میں سونے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
کیپیٹل ڈاٹ کام کے تجزیہ کار کائل روڈا نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ایک مثبت پیش رفت ہے، لیکن موجودہ کمی دراصل منافع بکنگ کا نتیجہ ہے۔
ادھر امریکی فیڈرل ریزرو کی حالیہ میٹنگ کی تفصیلات کے مطابق حکام لیبر مارکیٹ کے دباؤ کے باعث شرح سود میں کٹوتی کے حق میں دکھائی دیے، تاہم افراطِ زر اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ مارکیٹ 25 بیسز پوائنٹس کی دو ممکنہ کٹوتیوں کا اندازہ لگا رہی ہے۔
دوسری جانب چاندی 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 49.06 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینیم کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 1,653.52 ڈالر اور پیلیڈیم 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,465.73 ڈالر فی اونس پر پہنچا۔






















Comments
Comments are closed.