ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے منگل کے روز اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 40 سے 75 ملین ٹن قابلِ تجارت کاربن کریڈٹس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جن کی مالیت 40 کروڑ سے 2.25 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ بعنوان ”پاکستان میں کاربن مارکیٹس کی تیاری: طرزِ حکمرانی کی خامیوں کا ازالہ اور دیانت داری کے خطرات سے تحفظ“، ملک میں کاربن مارکیٹس کی حکمرانی میں موجود خلا کا تجزیہ ہے، جس میں بین الاقوامی بہترین اصولوں کی بنیاد پر اعلیٰ معیار کے منصوبوں کے حصول کے لیے درپیش چیلنجز اور مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس کاربن مارکیٹس میں خاطرخواہ امکانات موجود ہیں، جو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ اقتصادی مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق “اگر پاکستان اپنی سالانہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا محض 10 سے 15 فیصد حصہ بھی کاربن منصوبوں کے ذریعے ایڈریس کرے، تو ملک ہر سال 40 سے 75 ملین ٹن قابلِ تجارت کاربن کریڈٹس پیدا کر سکتا ہے۔ موجودہ رضاکارانہ مارکیٹ کی قیمتوں کے مطابق، یہ ملک کے لیے سالانہ 40 کروڑ سے 2.25 ارب ڈالر کی ممکنہ آمدنی بن سکتی ہے۔”
تاہم رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ موجودہ پالیسی رہنما اصولوں کے تحت کاربن مارکیٹس سے متعلق اعلیٰ سطح کے آب و ہوا سے نمٹنے کی خواہش اور زمینی سطح پر ان پیچیدہ مالیاتی و تکنیکی نظامات کو عملی شکل دینے کے درمیان ایک اہم خلا موجود ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کاربن مارکیٹس کے قیام میں ایک بڑی رکاوٹ قومی سطح پر اخراج کی ایک واضح اور مربوط بنیاد ( امیشن بیس لائن ) کا فقدان ہے۔
رپورٹ مزید کہتی ہے کہ کاربن مارکیٹس بنیادی طور پر پیچیدہ نظام ہیں، جن پر موثر عملدرآمد کے لیے کئی باہم مربوط شعبوں میں اعلیٰ تکنیکی مہارت درکار ہوتی ہے، جیسے: اخراجات کا درست حساب، نگرانی اور تصدیق کے مستند طریقہ کار، کاربن کی ملکیت اور کریڈٹنگ سے متعلق قانونی فریم ورک اور مارکیٹ کے ڈھانچے کی تشکیل، جیسے رجسٹریز، کیپس اور کریڈٹنگ کے طریقے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ “اگرچہ پالیسی فریم ورک موجود ہے، مگر زمینی سطح پر ان پر عملدرآمد کی استعداد اب بھی محدود ہے۔ پاکستان کو وفاقی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اور صوبائی محکموں میں کاربن مارکیٹس کے لیے ایک مخصوص اور تربیت یافتہ ٹیم درکار ہے۔”
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف علی نے کہا ہے کہ “کاربن مارکیٹس کی ترقی میں شفافیت ایک بنیادی چیلنج ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ہو۔ جب تک یہ واضح نہ ہو کہ فیصلے کیسے کیے جاتے ہیں، فوائد کس کو اور کیسے دیے جاتے ہیں اور متاثرہ کمیونٹیز کے لیے کیا حفاظتی اقدامات موجود ہیں، تب تک ان نظاموں پر اعتماد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ رہتا ہے۔”
انہوں نے زور دیا کہ “پاکستان میں کاربن مارکیٹس کی کامیابی کے لیے واضح رپورٹنگ اسٹینڈرڈز، عوامی سطح پر دستیاب فوائد کی تقسیم یا منتقلی کے فریم ورک اور کمیونٹی کی شمولیت کے مضبوط ذرائع ناگزیر ہیں، تاکہ شفافیت کے خلا کو پُر کیا جا سکے اور ان منصوبوں پر عوامی اعتماد قائم رہے۔”
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے ملک میں کاربن مارکیٹوں کے قواعد و ضوابط کے نفاذ کو موثر بنانے کے لیے 10 اہم سفارشات پیش کی ہیں، جن میں درج ذیل شامل ہیں:
1۔ڈیٹا کا مضبوط نظام قائم کرنا
اہم شعبوں اور منصوبہ جاتی اقسام کے لیے مخصوص قومی سیاق و سباق پر مبنی بیس لائنز تیار کرتے ہوئے ایک جامع اور قابلِ اعتبار ڈیٹا انفراسٹرکچر تشکیل دینا۔
2۔تحفظات، مساوات اور عوامی شمولیت کو ادارہ جاتی بنانا
زمین کے حقوق، فائدہ رسانی، مانیٹرنگ، رپورٹنگ و توثیق (ایم آر وی) تنازعات، اور عوامی رضامندی کی خلاف ورزی جیسے معاملات کو حل کرنے کے لیے آزاد، قبل از وقت اور مکمل آگاہی کے ساتھ رضامندی (ایف پی آئی سی) اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر مبنی واضح فریم ورک تشکیل دینا۔
3۔قانونی و ضابطہ جاتی بنیادوں کو مضبوط بنانا
کاربن ٹریڈنگ سے متعلق تمام سرگرمیوں کے لیے ایک جامع کاربن مارکیٹ قانون مرتب و نافذ کرنا، جو اس نظام کے لیے بنیادی قانونی اختیار فراہم کرے۔
4۔ادارہ جاتی ڈھانچے کا فائدہ اٹھانا اور انہیں اپ گریڈ کرنا
کاربن مارکیٹ کی ترقی کی نگرانی اور وفاقی وزارتوں، صوبوں اور ریگولیٹری اداروں کے مابین رابطہ کاری کے لیے ایک نیشنل کاربن کوآرڈینیشن کونسل (این سی سی سی) تشکیل دینا۔
5۔تکنیکی تربیت اور صلاحیت کاری کے خصوصی پروگرام متعارف کرانا
عمودی ( ورٹیکل) سطح پر وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر تربیت یافتہ عملہ تیار کرنا، جو ایم آر وی پروٹوکولز، فائدہ رسانی کے نظام، رجسٹری کمپلائنس اور موسمیاتی مالی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کر سکے۔ افقی (ہاریزنٹل) سطح پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، شماریات بیورو، وزارت توانائی، صوبائی جنگلات کے محکمے اور اقتصادی منصوبہ بندی کے اداروں میں استعداد بڑھانا۔
6۔مرحلہ وار، حقیقت پسندانہ اور لچکدار حکمتِ عملی اپنانا
ابتدائی کامیاب منصوبوں جیسے لاکھوڈیر لینڈفل گیس پراجیکٹ، ساپھائر ونڈ فارم اور ڈیلٹا بلیو کاربن مینگروو اقدام کے تجربات سے سیکھ کر ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانا۔
7۔بین الاقوامی روابط کو مستحکم کرنا
کاربن مارکیٹ کے اقدامات، لین دین، اجازت ناموں اور حفاظتی اقدامات کی شفاف تفصیلات کے لیے عوامی سطح پر دستیاب رجسٹری یا پلیٹ فارم تشکیل دینا، تاکہ عالمی سطح پر اعتماد، اعتبار اور مارکیٹ تک رسائی ممکن ہو سکے۔
چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، جسٹس (ر) ضیاء پرویز نے کہا ہے کہ “امید ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت دار اور سول سوسائٹی کے اسٹیک ہولڈرز اس رپورٹ میں دی گئی سفارشات اور اسباق سے رہنمائی لیں گے، تاکہ پاکستان کاربن مارکیٹس کو بطور ایک حکمتِ عملیاتی ذریعہ برائے موسمیاتی مالیات بہتر طور پر استعمال کر سکے۔”























Comments
Comments are closed.