امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر بگرام ایئربیس امریکا کے حوالے نہ کیا گیا تو بُرے نتائج سامنے آئیں گے۔ ٹروتھ سوشل پر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ یہ فضائی اڈہ امریکا نے بنایا تھا اور ہمیں دوبارہ واپس ملنا چاہیے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ افغان حکام سے اس معاملے پر بات کر رہے ہیں ،تاہم فوجی کارروائی کے امکان کو رد نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا اگر افغانستان نے ایئربیس نہ دیا تو سب کو معلوم ہو جائے گا کہ میں کیا کرنے والا ہوں۔
بگرام ایئربیس دو دہائیوں تک امریکی افواج کا مرکزی اڈہ رہا ہے جہاں نہ صرف فوجی تنصیبات بلکہ امریکی برانڈز کے ریستوران اور ایک بڑا جیل کمپلیکس بھی موجود تھا۔2021 میں امریکی انخلا کے بعد طالبان نے اس پر قبضہ کر لیا تھا۔
امریکی ماہرین کے مطابق بگرام پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے کم از کم دس ہزار فوجی اور جدید فضائی دفاعی نظام درکار ہوگا، جو افغانستان میں نئی عسکری مداخلت کے مترادف ہوگا۔ حتیٰ کہ اگر طالبان امریکا کو دوبارہ رسائی دے بھی دیں تو داعش، القاعدہ اور ایران کے میزائل خطرات اس اڈے کو مسلسل غیر محفوظ رکھیں گے۔






















Comments
Comments are closed.