خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تین مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے کم از کم 19 خوارج کو ہلاک کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 14 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
اسی طرح دوسرا انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 خوارج کو سیکیورٹی فورسز نے ٹھکانے لگادیا۔
ضلع بنوں میں تیسری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ایک اور خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم ان خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ خوارج علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اس عزم پر قائم ہیں کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

























Comments
Comments are closed.