وزیرِاعظم شہباز شریف کی آج چینی وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات طے ہے، جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی و بین الاقوامی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اس وقت چین کے چھ روزہ دورے پر ہیں، جس کا بنیادی مقصد شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس اور چین کی وکٹری ڈے پریڈ میں شرکت ہے۔ اس دوران وہ چین کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و انڈسٹری لی لیچینگ سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن بھی منعقد ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ وزیرِاعظم ہاؤس کے مطابق اس کانفرنس میں شینزن میں جون 2024 میں منعقد ہونے والے پہلے ایڈیشن کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ شامل ہیں۔
اس سے قبل منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے صدر پیوٹن کا روس کے دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام آباد تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔






















Comments
Comments are closed.