پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام مذہبی مقامات کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں، جن میں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور شامل ہیں، کے دورے کے دوران کہی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان علاقوں میں سیلابی صورتحال، جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں اور آئندہ متوقع بارشوں کے تناظر میں مستقبل کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔
انہیں سول انتظامیہ اور فوجی دستوں کی مربوط کاوشوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جنہیں انہوں نے انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ میں ”انتھک اور قابل تحسین“ قرار دیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری کے افراد سے بھی ملاقات کی۔





















Comments
Comments are closed.