پاکستان نیوی کی جانب سے پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد
- یہ اعلیٰ کارکردگی کے حامل، طویل فاصلے تک مار کرنے والے نیم خودکار ہتھیاروں سے لیس ہوگی۔
پاکستان نیوی نے جمعرات کے روز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ تقریب منعقد کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
پی این ایس ساہیوال (ڈیزگ) گن بوٹ کو پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ (پی ڈبلیو) نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے اور یہ کراچی شپ یارڈ میں بنایا ہے۔ اس جدید ترین جہاز کو اعلیٰ کارکردگی کے حامل، طویل فاصلے تک مار کرنے والے نیم خودکار ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا، جو بحری مشنز میں اس کی آپریشنل صلاحیت کو بڑھائیں گے، پاک بحریہ نے کہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے پاک بحریہ کے پی ڈی ڈبلیو اورکراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا جو پاک بحریہ کی مقامی تیاری کی پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ دفاعی پیداوار کا بھی کراچی شپ یارڈ کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف نے مزید کہا کہ یہ گن بوٹ مختلف بحری سیکیورٹی آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی مزید گن بوٹس کی تیاری پر غور کر رہی ہے، جو بالآخر مقامی تیاری کے عمل اور کراچی شپ یارڈ کی ترقی کو فروغ دے گی۔
لانچنگ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران، وزارتِ دفاعی پیداوار، کراچی شپ یارڈ اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے نمائندگان شریک ہوئے۔





















Comments
Comments are closed.