جنوبی کوریا کی معروف آٹو کمپنی ہنڈائی موٹر نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اپریل تا جون کی دوسری سہ ماہی کے دوران اس کی آپریٹنگ آمدنی میں 16 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو کہ امریکی گاڑیوں اور پرزہ جات پر عائد نئے محصولات کے منفی اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔
ہنڈائی جو اپنی الحاقی کمپنی کیا (Kia) کے ساتھ مل کر فروخت کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی آٹو میکر ہے، نے رپورٹ کیا کہ اپریل تا جون اس کا آپریٹنگ منافع 3.6 ٹریلین وان (تقریباً 2.64 ارب ڈالر) رہا جو کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے 4.28 ٹریلین وان کے مقابلے میں واضح کمی ہے۔
یہ نتیجہ ایل ایس ای جی کے 3.5 ٹریلین وان کے اسمارٹ ایسٹی میٹ سے کچھ بہتر رہا، جو 22 مالیاتی تجزیہ کاروں کی پیشگوئیوں پر مبنی تھا۔ یہ اندازہ ان تجزیہ کاروں کو ترجیح دیتا ہے جن کی سابقہ پیشگوئیاں زیادہ درست رہی ہیں۔
ہنڈائی نے انکشاف کیا کہ امریکی محصولات کے باعث صرف دوسری سہ ماہی میں اسے 828 ارب وان کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، تاہم کمپنی نے اس کے باوجود اپنے سالانہ منافع کے ہدف کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ کمپنی نے مزید خبردار کیا کہ اگر یہ محصولات برقرار رہتے ہیں تو وہ اس کی عالمی سطح پر آپریشنز کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
مثبت پہلو یہ ہے کہ ہنڈائی کی مجموعی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر 7 فیصد اضافہ ہوا، جو 48.3 ٹریلین وان تک پہنچ گئی، جبکہ تجزیہ کاروں کی اوسط پیشگوئی 47 ٹریلین وان تھی۔
تاہم مالیاتی نتائج کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا ردعمل منفی رہا، اور ہنڈائی موٹرز کے حصص کی قیمت میں 3.2 فیصد کمی واقع ہوئی۔






















Comments
Comments are closed.