پاکستان نے کوریا میں ہونے والی ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو مرکزی مقابلے میں شکست دی اور مجموعی طور پر سات تمغے حاصل کیے، جن میں دو طلائی، دو چاندی، ایک کانسی اور پلیٹ ڈویژن کے دو ٹائٹلز شامل ہیں۔

بوائز انڈر-13 کے فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان نے بھارت کے آیان دھانوکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی اور میچ 11-5، 11-2، 11-13 اور 11-6 سے اپنے نام کیا۔

بوائز انڈر-15 کے فائنل میں مقابلہ دو پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان ہوا، جہاں نعمان خان نے احمد ریان خلیل کو 12-10، 11-6 اور 11-2 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔

گرلز انڈر-13 کے فائنل میں پاکستان کی ماہ نور علی نے شاندار مقابلہ کیا تاہم وہ پانچ سیٹسں پر مشتمل سنسنی خیز میچ میں چین کی یان ژیوان سے معمولی فرق سے ہار گئیں۔ چینی کھلاڑی نے مقابلہ 9-11، 11-6، 11-9، 9-11، اور 12-10 سے جیتا، جبکہ ماہ نور علی نے پاکستان کے لیے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

ٹورنامنٹ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں نے مرکزی ایونٹ میں پانچ تمغے اور پلیٹ ڈویژن میں دو ٹائٹل جیتے، جس سے عالمی سطح پر ان کی مہارت اور عزم کو سراہا گیا۔

ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نوجوان کھلاڑیوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابیوں کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے انڈر-15 اور انڈر-13 کیٹیگریز میں گولڈ میڈل جیتنے والے نعمان خان اور سہیل عدنان کو سراہا، جبکہ احمد ریان خلیل اور ماہنور علی کو چاندی کا تمغہ جیتنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ فائنلز میں فتوحات اور مجموعی طور پر سات تمغوں نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، اور امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

وزیرِ اعظم آفس نے کھلاڑیوں، ان کے اہلِ خانہ اور کوچز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر ان کی محنت اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Comments

200 حروف