گزشتہ ماہ مئی میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.5 فیصد تک پہنچنے کے بعد بروکریج ہاؤس جے ایس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق جون میں پاکستان کی مجموعی مہنگائی بڑھنے کی شرح معمولی کمی کے ساتھ 3.1 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2025 کے دوران سالانہ بنیاد پر پاکستان کی مجموعی مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.5 فیصد تک جاپہنچی جو اپریل 2025 کے مقابلے میں زیادہ ہے جب مہنگائی بڑھنے کی شرح صرف 0.3 فیصد تھی۔
جے ایس گلوبل کے مطابق مئی 2025 میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.5 فیصد ریکارڈ ہونے کے بعد جون میں صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) کے 3.1 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اب بیس ایفیکٹ کی شدت کم ہو رہی ہے جو قیمتوں کے رجحانات کے معمول پر آنے کا اشارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے مالی سال 2024-25 میں اوسط مہنگائی بڑھنے کی شرح 4.6 فیصد رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ مالی سال 2023-24 کی اوسط 23.9 فیصد کے مقابلے میں نمایاں کم ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ مئی 2023 میں پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی رفتار سالانہ بنیاد پر 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی جو جولائی 1965 سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بلند ترین سطح ہے۔
جے ایس گلوبل کے مطابق جون میں خوراک کی سالانہ مہنگائی بڑھنے کی شرح 2.8 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے جو پچھلے سال محض 0.97 فیصد تھی — یہ اضافہ بنیادی اثر کے ختم ہونے کا واضح اشارہ ہے۔
جے ایس گلوبل کے مطابق اگرچہ کچھ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے ماہانہ بنیاد پر خوراک کی مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں کمی متوقع ہے، تاہم ہاؤسنگ، گیس اور بجلی کے شعبے میں جون 2025 میں سالانہ بنیاد پر 4 فیصد کمی کا امکان ہے جس کی بڑی وجہ بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی ہے۔
دوسری جانب بنیادی مہنگائی (کور انفلیشن) جون میں سالانہ بنیاد پر تقریباً 8.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں ہفتے کے اوائل میں منعقدہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو 11 فیصد پر برقرار رکھا۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ جون 2024 سے جون 2025 کے دوران پالیسی ریٹ میں مجموعی طور پر 1,100 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی، جو بلند ترین سطح 22 فیصد سے گھٹ کر 11 فیصد تک آ گیا۔
جے ایس گلوبل کے مطابق عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹیں اور عالمی اجناس کی قیمتوں کا غیر یقینی منظرنامہ ایم پی سی کی جانب سے نمایاں خطرات کے طور پر اجاگر کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک کا آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس جولائی 2025 میں متوقع ہے۔
Comments