پاکستان نے اپنے بجلی کے شعبے کے بڑھتے ہوئے قرضوں کو کم کرنے کے لیے 18 کمرشل بینکوں کے ساتھ 1.275 ٹریلین پاکستانی روپے (4.5 ارب ڈالر) کی اسلامی مالی معاونت کے لیے ٹرم شیٹس پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ بات حکومتی عہدیداروں نے جمعہ کو بتائی ہے۔
حکومت، جو بجلی کے انفرااسٹرکچر کا مالک یا کنٹرولر ہے، ”گردشی قرضے“، غیر ادا شدہ بلز اور سبسڈیز کے بوجھ تلے دب چکی ہے، جس نے شعبے کو متاثر کیا اور معیشت پر منفی اثر ڈالا ہے۔
نقدی کی کمی نے بجلی کی فراہمی متاثر کی، سرمایہ کاری کو روکا اور مالی دباؤ میں اضافہ کیا ہے، جو پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کا اہم جزو ہے۔
فنڈز کی فراہمی ایک مسلسل چیلنج رہی ہے کیونکہ محدود مالی گنجائش اور مہنگے پرانے قرضوں نے اس مسئلے کو حل کرنا مشکل بنا دیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خُرّم شہزاد نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ یہ قرضے اسلامی مالیاتی طریقہ کار کے تحت 18 کمرشل بینک فراہم کریں گے۔
اسلامی اصولوں کے تحت تیار کردہ اس فنانسنگ سہولت کی شرح 3 ماہ کے کیبور (کے آئی بی او آر) سے 0.9 فیصد کم مقرر کی گئی ہے، جو کہ بینکوں کی طرف سے قرضوں کی قیمت طے کرنے کے لیے استعمال ہونے والی بنیادی شرح ہے، اور یہ فارمولا آئی ایم ایف کے ساتھ طے پایا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس قرض کی ادائیگی چھ سال میں 24 سہ ماہی قسطوں میں کی جائے گی اور اس سے سرکاری قرضے میں اضافہ نہیں ہوگا۔
موجودہ واجبات کی لاگت زیادہ ہے، جن میں آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو دیر سے ادائیگی پر کیبور پلس 4.5 فیصد تک کے اضافی جرمانے شامل ہیں اور پرانے قرضے بنیادی شرح سود سے کچھ زیادہ ہیں۔
میزان بینک، ایچ بی ایل، نیشنل بینک آف پاکستان اور یو بی ایل ان بینکوں میں شامل ہیں جو اس معاہدے میں حصہ لے رہے ہیں۔
حکومت توقع کرتی ہے کہ قرض کی ادائیگی کے لیے سالانہ 323 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، جو چھ سال میں مجموعی طور پر 1.938 ٹریلین روپے تک محدود ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان کے 2028 تک سودی بینکاری کو ختم کرنے کے ہدف کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہے کیونکہ اب اسلامی فنانس کل بینکنگ اثاثوں کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے۔
Comments