وفاقی وزارتِ داخلہ کے مطابق پاکستان نے یکم اپریل سے اب تک 2 لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو واپس بھیج دیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر کے دوران افغان شہریت کارڈ رکھنے والے افراد اور غیر رجسٹرڈ و غیر قانونی غیرملکیوں کی واپسی کا عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک 11 لاکھ 2 ہزار 441 افراد کو وطن واپس بھیجا جاچکا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں، بشمول افغان شہریوں، کو ایک بار پھر تاکید کی جاتی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔ اپنے اپنے وطن واپس جانے والے افراد کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ پیش آیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق وطن واپس جانے والے غیر ملکیوں کیلئے خوراک اور صحت کی سہولتوں کے انتظامات پہلے سے موجود ہیں۔
وزارت نے خبردار کیا کہ ایسے افراد جو واپسی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں یا غیر قانونی غیرملکیوں کو ملازمت، رہائش، ہوٹل میں ٹھہرانے یا کاروبار میں شامل کرنے میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments