اسٹاک مارکیٹ نے بجٹ والے دن نئی تاریخ رقم کردی، مارکیٹ میں پہلی بار 122000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرکے بند ہونے کا ریکارڈ قائم ہوا۔ واضح رہے کہ سرمایہ کاروں کی نظریں آج پیش کیے جانے والے بجٹ اقدامات پر مرکوز رہیں۔
عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد کاروبار کے پہلے ہی دن منگل کو بازارِ حصص میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ،تجارتی سیشن کے دوران مثبت رفتار برقرار رہی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 970 پوائنٹس کے اضافے سے 122,611.53 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی جاپہنچا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 383.44 پوائنٹس یا 0.32 فیصد اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 122,024.44 پوائنٹس پر بند ہوا ۔
اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 74 پوائنٹس کے اضافےسے 36902پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس209پوائنٹس کے اضافے سے 76160پوائنٹس پر بند ہوا۔
مجموعی طور پر473کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 230کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،200میں کمی اور43میں استحکام رہا۔
خریداری کا رجحان اہم شعبوں میں دیکھنے میں آیا جن میں کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) اور ریفائنری شامل ہیں۔ پی آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور میزان بینک مثبت زون میں دیکھےگئے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا جس کی وجہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق بڑھتی ہوئی امیدیں تھیں۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,950 پوائنٹس یا 1.6 فیصد اضافے سے 121,641 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو کہ پچھلے ہفتے کے اختتام پر 119,691 پوائنٹس تھا۔
مجموعی طور پر گزشتہ ہفتے عید تعطیلات کے باعث صرف چار تجارتی سیشنز منعقد ہوئے تھے۔
عالمی سطح پر منگل کو اسٹاک مارکیٹس میں تیزی رہی جبکہ امریکی ڈالر محتاط رہا، کیونکہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات دوسرے روز بھی جاری رہنے جا رہے ہیں۔ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ میں کمی کے ابتدائی آثار بھی سامنے آئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے لینکاسٹر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات پر مثبت رائے دی۔
ایشیائی حصص میں تیزی دیکھی گئی جو ہفتے کے آغاز سے جاری اضافے کا تسلسل ہے۔
ایم ایس سی آئی کا جاپان کے سوا ایشیا پیسیفک کے حصص کا وسیع ترین انڈیکس 0.5 فیصد بڑھ گیا جب کہ نیسڈیک فیوچرز میں 0.62 فیصد اور ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.43 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
یورواسٹاکس 50 فیوچرز اور ایف ٹی ایس ای فیوچرز دونوں میں تقریباً 0.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments