انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 4 پیسے کی تنزلی سے 282.21 روپے پر جاپہنچا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو ڈالر 282.17 روپے پر بند ہوا تھا۔

عید تعطیلات کے باعث کرنسی مارکیٹ جمعہ سے پیر تک بند رہی تھی ۔

بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر منگل کو مستحکم رہا کیونکہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات نے سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال میں مبتلا کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ بڑے فیصلے کرنے سے گریز کر رہے ہیں جبکہ ہفتے کے آخر میں متوقع امریکی مہنگائی رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔

دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے اعلیٰ حکام نے تلخ تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو محض ٹیرفز تک محدود نہیں رہا بلکہ نایاب زمینی اجزاء پر پابندیوں تک بھی پھیل گیا ہے، تجارتی مذاکرات لندن میں دوسرے روز بھی جاری رہے۔

یہ مذاکرات اس وقت ہورہے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر ژی جن پنگ نے گزشتہ ہفتے ٹیلی فونک گفتگو کی، یہ دونوں معیشتوں کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ جنوری سے ٹرمپ کی طرف سے لگائی گئی متعدد ٹیرفز کی وجہ سے دونوں معیشتوں میں دباؤ کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔

مثبت بیانات کے باوجود کرنسی مارکیٹ میں زیادہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی اور ردعمل مجموعی طور پر محدود رہا۔

یورو کی قدر 0.17 فیصد کم ہو کر 1.14 ڈالر رہی جب کہ برطانوی پاؤنڈ 1.3543 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔

امریکی ڈالر انڈیکس 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 99.189 پر رہا تاہم یہ اب بھی گزشتہ ہفتے کی چھ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔

یہ انڈیکس رواں سال اب تک 8.7 فیصد نیچے آ چکا ہے کیونکہ سرمایہ کار امریکی معیشت اور شرح نمو پر محصولات اور تجارتی کشیدگیوں کے اثرات کے خدشات کے باعث امریکی اثاثوں سے سرمایہ نکال کر متبادل مواقع تلاش کررہے ہیں۔

Comments

200 حروف