پاکستان نے مالی سال 25-2024 کے پہلے 10 ماہ میں 1.9 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رپورٹ کیا ہے، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 1.3 ارب ڈالر کے خسارے سے ایک نمایاں بہتری کی علامت ہے۔ یہ اعداد و شمار پیر کو جاری ہونے والے پاکستان اکنامک سروے 25-2024 میں پیش کیے گئے۔

یہ بہتری عالمی تجارت میں جاری جغرافیائی سیاسی خلل اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے باوجود حاصل ہوئی ہے۔

کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری کی بنیادی وجہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ رہا، جو رپورٹنگ مدت کے دوران سالانہ 31 فیصد اضافے کے ساتھ 31.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مارچ 2025 میں ترسیلات زر 4.1 ارب ڈالر کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں، جس سے بیرونی مالیاتی دباؤ کم ہوا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوا، جو 30 مئی تک بڑھ کر 16.60 ارب ڈالر ہو گئے، جن میں سے 11.51 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود ہیں۔

حکومت نے مالی سال 2025 کی جولائی تا مارچ مدت میں جی ڈی پی کے 3 فیصد کے برابر تاریخی پرائمری سرپلس حاصل کیا، جو گزشتہ سال اسی مدت کے 1.5 فیصد سے دگنا ہے۔

آئی ٹی شعبے نے بھی کرنٹ اکاؤنٹ کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا، جس کی برآمدات 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جن میں 400 ملین ڈالر فری لانسرز کے ذریعے حاصل کیے گئے — جو ملک میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی کی نشاندہی کرتا ہے۔

مزید برآں، اپریل 2025 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 12 ملین ڈالر کے سرپلس میں رہا۔

تاہم، چیلنجز بھی برقرار ہیں۔ اجناس کے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا جو 21.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، کیونکہ درآمدات میں 11.8 فیصد اضافہ ہوا، جو برآمدات کی 6.8 فیصد نمو سے زیادہ ہے۔ برآمدات کا حجم 26.9 ارب ڈالر رہا۔

۔

ٹیکسٹائل اور چاول اہم برآمدی اشیاء رہے، جبکہ درآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ پیٹرولیم، مشینری اور خوراک کے شعبوں میں دیکھا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اکنامک ریویو میں کہا کہ حکومت نے مالی سال 2025 کے پہلے 9 ماہ میں جی ڈی پی کے 3 فیصد کے برابر تاریخی پرائمری سرپلس حاصل کیا ہے۔

سروسز اکاؤنٹ کا خسارہ بھی بڑھ کر 2.5 ارب ڈالر ہو گیا، جبکہ بنیادی آمدنی اکاؤنٹ کا خسارہ 7.1 ارب ڈالر تک پہنچا، جس کی بڑی وجہ شرح سود کی بلند سطح اور منافع جات کی بیرون ملک منتقلی تھی۔

مالیاتی محاذ پر، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 2.7 فیصد کمی کے ساتھ 1.8 ارب ڈالر رہی، جو سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کو ظاہر کرتی ہے۔ اسی دوران قرضوں کی واپسی اور واجبات میں کمی کے باعث 1.6 ارب ڈالر کے خالص آؤٹ فلو ریکارڈ کیے گئے۔

ان مسائل کے باوجود، روپے کی قدر مستحکم رہی اور ڈالر کے مقابلے میں 278.72 روپے پر تجارت کرتا رہا، جس کی ایک وجہ بیرونی کھاتوں میں بہتری ہے۔

عالمی تجارت کے 2025 میں 2.7 فیصد اضافے کی پیش گوئی کے ساتھ، اڑان پاکستان فریم ورک کے تحت ساختی اصلاحات کے ذریعے بہتری کا تسلسل جاری رکھنے کا خواہاں ہے، جس میں برآمدات کو متنوع بنانا، آئی ٹی شعبے کو فروغ دینا، تجارتی سفارت کاری اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔

کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس ایک مثبت اشارہ ہے، لیکن اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے بیرونی شعبے کی بنیادی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے ہدفی اصلاحات ناگزیر ہوں گی۔

Comments

200 حروف