پاور ڈویژن نے اتوار کے روز وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر کہ دو بجلی کے میٹرز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے مکمل طور پر جھوٹ، گمراہ کن اور عوام میں بے چینی پھیلانے کی ایک بدنیتی پر مبنی کوشش ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی رہائشی جائیداد پر دوسرا بجلی کا میٹر موجودہ قوانین کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ نیپرا کنزیومر سروسز مینول 2021 کے مطابق، ایسا کوئی بھی رہائشی یونٹ جس میں علیحدہ حصہ، علیحدہ سرکٹ، علیحدہ داخلی راستہ اور علیحدہ کچن موجود ہو، اضافی میٹر کے لیے اہل ہوتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسی جھوٹی خبروں کو پھیلانا اور شیئر کرنا پیکا ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی کے غلط استعمال اور سبسڈی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی روک تھام کے لیے قوانین پہلے بھی موجود تھے اور اب بھی مکمل طور پر نافذ العمل ہیں۔
پاور ڈویژن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بجلی کے میٹروں کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور حق داروں کو ان کا حق بروقت اور منصفانہ طریقے سے مل سکے۔
Comments