دنیا

پاکستان اور بھارت سے بڑے معاہدے کررہے ہیں، ٹرمپ

  • تجارت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں مدد کی ہے، امریکی صدر
شائع May 22, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی، امریکہ ان دونوں جوہری طاقتوں کے ساتھ بڑے معاہدے کرنے جارہا ہے ۔

جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامپوسا کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ کیا کیا، تو ہم نے یہ پورا معاملہ طے کردیا، اور میرا خیال ہے کہ یہ سب تجارتی معاہدوں کے ذریعے طے کیا گیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ بڑے معاہدے کررہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جہاں 2024 تک پاکستان کی سالانہ برآمدات 5 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں جب کہ پاکستان کی امریکہ سے درآمدات تقریباً 2.1 ارب ڈالر کی سطح پر ہیں۔

یاد رہے کہ اپریل میں صدر ٹرمپ نے دنیا بھر سے درآمدات پر بھاری ٹیرف عائد کرکے ایک ممکنہ طور پر نقصان دہ تجارتی جنگ کو ہوا دی۔ اہم تجارتی شراکت داروں پر اضافی سخت محصولات بھی لگائے گئے۔ پاکستان پر بھی 29 فیصد جوابی ٹیرف عائد کیا گیا، تاہم اسے جولائی تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ وفاقی وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے بلوم برگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان امریکی مصنوعات کی خریداری میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اور غیر محصولاتی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتا ہے تاکہ ٹرمپ کے بلند ٹیرفز سے بچا جاسکے۔

دریں اثنا پاکستان اور بھارت کے حالیہ تنازعات پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ گولہ باری شدت اختیار کررہی تھی اور دونوں ملکوں میں صورتحال دن بہ دن مزید کشیدہ ہوتی جا رہی تھی۔

ہم نے ان سے بات کی اور میرا خیال ہے کہ آپ جانتے ہیں کہ ہم نے مسئلہ حل کرلیا لیکن دو دن بعد کچھ ہوتا ہے اور وہ الزام لگاتے ہیں کہ یہ سب ٹرمپ کی وجہ سے ہوا۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات گزشتہ ماہ پہلگام حملے کے بعد انتہائی کشیدہ ہوگئے جس کی ذمہ داری نئی دہلی نے اسلام آباد پر عائد کی۔

پاکستان نے ملوث ہونے کی تردید کی، تاہم گزشتہ ہفتے بھارت نے پاکستان میں موجود ”دہشت گرد کیمپوں“ پر حملے کیے جس کے بعد شدید جھڑپیں ہوئیں۔ بعدازاں دونوں ملکوں نے جنگ بندی کا معاہدہ کیا جو تاحال قائم ہے۔

Comments

200 حروف