وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے جس کے دوران متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے آذربائیجان کی حمایت کو دونوں ممالک کے درمیان عظیم اور دیرینہ دوستی کا عکاس قرار دیا۔
وزیرِ اعظم نے حالیہ فوجی آپریشن ”آپریشن بنیانُ المرصوص“ میں پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں کو بھی سراہا اور اسے تاریخی کامیابی قرار دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے میں استحکام کے مفاد میں بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر رضامند ہوا۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا اور مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا مثبت سفر حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے صدر الہام علیوف کے گزشتہ سال جولائی میں پاکستان کے دورے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا جس سے تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فروری میں اپنے دورہ باکو کا تذکر کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور باہمی مفادات پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے حالیہ کشیدگی سے نمٹنے میں پاکستان کی کامیاب اور شاندار حکمتِ عملی پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کی جانب سے پاکستان کی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی دل سے قدر دانی کا پیغام بھی پہنچایا۔
آذر بائیجانی سفیر نے قیادت کی سطح پر طے پانے والے مختلف معاہدوں پر جاری عمل درآمد پر بات کی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔




















Comments
Comments are closed.