پاکستان میں فضائی حدود تمام پروازوں کیلئے مکمل طور پر کھول دی گئیں
- فضائی حدود کی عارضی بندش کے خاتمے کے بعد پی آئی اے نے پروازیں بحال کرنا شروع کر دیں
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود مکمل طور پر تمام پروازوں کے لیے بحال کر دی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی عارضی پابندیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے میں پی اے اے نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام ہوائی اڈے اب معمول کے مطابق پروازوں کی آمد و رفت کے لیے دستیاب ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے وقت کی تصدیق کریں اور مزید کہا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کر کے پروازوں کے شیڈول سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
اسی حوالے سے ایک پیش رفت میں، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنی پروازوں کی بحالی کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ ملک میں فضائی حدود پر عائد عارضی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کے بعد معمول کی طرف واپسی کی علامت ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے خاتمے کے بعد پی آئی اے کے آپریشنز بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیرس سے اسلام آباد آنے والی پرواز PK 750، جسے آج صبح کوئٹہ کی طرف موڑ دیا گیا تھا، اب رات 9 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکی ہے۔ پی آئی اے کے تمام دیگر آپریشنز رات 10 بجے تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے اور تاخیر کا شکار یا گراؤنڈ کی گئی تمام پروازیں دوبارہ فعال ہو جائیں گی۔
Comments