وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے پیچھے رہ جانے والے 345 عازمینِ حج کو آج اسلام آباد سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 7 مئی سے 9 مئی کے دوران حج کی 13 پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ پروازوں کی عارضی معطلی کی وجہ سے 3,080 عازمینِ حج کے شیڈول متاثر ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان تین دنوں کے دوران 4 حج پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 9 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

یاد رہے کہ 7 مئی کو بھارت کی بلااشتعال فضائی کارروائی کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث فلائٹ آپریشن معطل یا عارضی طور پر موخر کر دیا گیا تھا۔

8 مئی کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اعلان کیا کہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ 540 مزید عازمینِ حج کو اسلام آباد اور لاہور سے خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق 7 مئی سے 9 مئی کے دوران سعودی ایئرلائن کی اسلام آباد اور لاہور سے دو، دو حج پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ لاہور سے تین، اسلام آباد اور کوئٹہ سے دو، دو، اور ملتان و کراچی سے ایک، ایک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔

Comments

200 حروف