پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کم از کم 29 اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرون مار گرائے ہیں۔ یہ کارروائی حالیہ دنوں میں بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بدامنی کے تناظر میں سرحد پار حملوں کے بعد کی گئی۔

جمعرات کے روز پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ ان میں سے 25 ڈرونز کو ”سافٹ کل“ (الیکٹرانک) اور ”ہارڈ کل“ (کائنیٹک) تدابیر کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ڈرونز کی مجموعی تعداد 29 بتائی اور کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت میں تین پاکستانی شہری شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ کشیدگی کی اصل وجہ 6 اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے کیے گئے وہ حملے ہیں جن میں بھارت کے متعدد قیمتی اثاثے تباہ کیے گئے، جن میں پانچ طیارے، بغیر پائلٹ طیارے، فوجی تنصیبات شامل ہیں، جب کہ بھارتی فوج کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

بیان میں کہا گیا کہ بوکھلاہٹ اور بدانتظامی کا شکار بھارتی فوج نے اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے اندر اہداف کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔

فوجی ترجمان کے مطابق یہ ڈرون حملے ”بلا اشتعال جارحیت“ کے مترادف ہیں اور یہ بھارتی فوج کی ان ناکامیوں کا نتیجہ ہیں جو اسے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل اٹھانی پڑ رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے برآمد کر لیا گیا ہے اور پاک فوج ان دراندازیوں کا مؤثر جواب دے رہی ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی مسلح افواج پوری طرح چوکس اور تیار ہیں تاکہ کسی بھی دشمن کارروائی کو ناکام بنایا جا سکے اور بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف