پاکستان

پاکستان کی بھارتی جارحیت کو پسپا کرنے کے لیے چینی جے 10 سی طیارے استعمال کرنے کی تصدیق

وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں چینی...
شائع May 8, 2025

وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں چینی ساختہ جے 10 سی جنگی طیارے تعینات کیے ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق انہوں نے ایوان زیریں کو آگاہ کیا کہ چین کے جے 10 سی طیاروں نے پاکستان کی جوابی کارروائی میں حصہ لیا جبکہ ابتدائی حملے میں شامل بھارتی رافیل طیارے ممکنہ طور پر پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے مار گرائے گئے۔

پاکستان، جس نے دفاعی سازوسامان بشمول جے 10 سی جنگی طیارے بڑی تعداد میں درآمد کیے ہیں نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھی جب مقبوضہ کشمیر میں ایک حملے کے دوران 26 افراد ہلاک ہوئے، جس کا الزام نئی دہلی نے اسلام آباد پر عائد کیا۔

پاکستان نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔

پاکستانی فوج نے بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں تین رافیل طیاروں سمیت بھارتی فضائیہ کے پانچ طیاروں کو مار گرایا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اندر چھ مقامات پر بھارتی میزائل حملوں میں کم از کم 31 پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے جن میں تین رافیل، ایک مگ 21 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔

دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان کو منگل کی رات 10 بجے ممکنہ بھارتی حملے کی انٹیلی جنس اطلاع ملی تھی جس کے بعد دفاعی اقدامات کیے گئے تھے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ صرف ان بھارتی طیاروں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی گئی تھی جنہوں نے پے لوڈ جاری کیے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ صرف پانچ جیٹ طیارے مار گرائے گئے۔ اگر ہدایت مختلف ہوتی تو تقریبا 10 سے 12 جیٹ طیاروں کو نشانہ بنایا جاتا۔

بھارتی فضائی حملے کے بعد پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 4 بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی لیکن انہیں روک دیا گیا۔ بعد ازاں جوابی کارروائی میں بھارتی حدود کے اندر سے حملہ کرنے والے طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ جو بھی طیارہ ہماری فضائی حدود میں داخل ہوگا اس کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔

Comments

200 حروف