پاک بھارت کشیدگی: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا پُرامن طریقے سے مسائل حل کرنے پر زور
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے منگل کو فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تنازعات کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لائیں اور مسائل کو پُرامن طریقے سے حل کریں۔
یہ بات سلامتی کونسل نے پاکستان کی درخواست پر بلائے گئے بند کمرہ اجلاس میں کہی۔
پاکستان اوربھارت معاملہ کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین معاملات میں سے ایک ہے جس کے تحت سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر پر مسلسل غور کرتی رہی ہے۔
یہ اجلاس اُس وقت منعقد ہوا جب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل کی، جہاں اس نے بھارت کی اُس قرارداد کو مؤثر طور پر روک دیا جس میں حالیہ پہلگام واقعے کی براہِ راست ذمہ داری پاکستان پر ڈالی گئی تھی اور جس میں کشمیر کے معاملے پر نئی دہلی کے مؤقف کی حمایت کرنے والی زبان شامل تھی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس خطے کی بگڑتی سیکیورٹی صورتحال، بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیلئے منعقد کیا گیا۔
یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات اور اشتعال انگیز عوامی بیانات کے پیش نظر طلب کیا گیا تھا جس سے ’فوجی محاذ آرائی کے خطرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کو اجاگر کیا جن میں 23 اپریل کو کیے گئے یکطرفہ اقدامات اور بھارت کی جارحانہ عسکری نقل و حرکت شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات نہ صرف بلاجواز اور خطرناک ہیں بلکہ ان کے نتائج تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
ارکان کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائی کے ممکنہ خطرے کی نشاندہی کرنے والی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلام آباد اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے دفاع کا بنیادی اور قانونی حق استعمال کرے گا۔
تاہم پاکستان نے یہ دوبارہ واضح کیا کہ وہ کشیدگی میں اضافے کا خواہاں نہیں ہے۔
مزید برآں اراکین کو بھارت کی جانب سے 1960 کے تاریخی سندھ طاس معاہدے کو روکنے کے یکطرفہ فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے یہ دوبارہ واضح کیا کہ اگر اس کے دریا کے پانی کے حصے کے قدرتی بہاؤ کو روکا یا موڑا گیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔
دریں اثنا سلامتی کونسل کے ارکان نے کشیدگی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تحمل اور کشیدگی کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کئی ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ طویل عرصے سے چل رہا مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ خطے میں عدم استحکام کی اصل وجہ ہے، اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کے احترام پر بھی زور دیا۔






















Comments
Comments are closed.