لاہور میں ہونے والی دوسری الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کانفرنس نے صنعتی رہنماؤں، پالیسی سازوں، مالیاتی اداروں کے نمائندوں اور موسمیاتی حامیوں کو ایک جگہ جمع کیا تاکہ پاکستان کے ای وی کے منظرنامے پر بات چیت کو تیز کیا جا سکے، اس موقع پر شعبے کی ممکنات اور چیلنجز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کلائمیٹ ایکشن سینٹر (سی اے سی) اور پاک ای وی او کے زیر اہتمام اور بینک آف پنجاب کی معاونت سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے استعمال اور مقامی سطح پر اس کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کی مشترکہ کوششوں کو ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بینک آف پنجاب میں انوسٹمنٹ بینکنگ، ایف آئی اینڈ کارپوریٹ بینکنگ سینٹرل کے ہیڈ انویسٹمنٹ بینکنگ عمر خان نے اپنے کلیدی خطاب میں پاکستان میں ای وی اور اس سے جڑے انفرااسٹرکچر کے بارے میں امید اور اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے تجربات کے مطابق ای وی کو اپنانے اور تبدیلی کیلئے حکومت کی سبسڈیز اور ٹیکس کریڈٹس جیسی عملی حمایت ضروری ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ کلائمیٹ فنانس اور ای وی پروجیکٹس کے لیے کافی مقدار میں لیکوڈیٹی اور کریڈٹ کی سہولتیں دستیاب ہیں جنہیں بین الاقوامی ڈی ایف آئیز کے ساتھ صحیح حکمت عملی کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر عزیر خان نے پاک کیوو کا تعارف کرایا جو ایک نیا اقدام ہے جس کا مقصد ای وی سے متعلق تعلیم، تعاون اور پالیسی اصلاحات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے گزشتہ برسوں میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال کی وجہ سے اہم ای وی منصوبوں کے لیے بجٹ مختص نہ ہونے کو ضائع شدہ مواقع کے طور پر اجاگر کیا۔
ڈاکٹر عزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ مالی ترجیحات پائیدار توانائی کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہوں، خاص طور پر جب ماحولیاتی لچک اور گرین انفرااسٹرکچر اب آپشن نہیں رہے ہیں۔
بات چیت سے یہ واضح ہوا کہ جب کہ عالمی سطح پر 2023 اور 2024 کے درمیان ای وی کی فروخت میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کی مارکیٹ میں اس کی رسائی ابھی بھی بہت کم ہے۔ تاہم، ماحول احتیاطاً پُرامید رہا کیونکہ کئی ترقیاتی اقدامات نے تحریک کی علامات ظاہر کیں۔ ان میں سے ایک ڈیوو کا منصوبہ تھا جس کے تحت لاہور کے قریب شہروں جیسے سیالکوٹ کے درمیان مختصر انٹرسٹی روٹس پر ڈیزل بسوں کی جگہ ای وی بسوں کو متعارف کرایا جائے گا۔
دیوو سے تعلق رکھنے والے شہریار حسن نے پہلے پینل کے دوران کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ آئندہ دو سالوں میں ہم اپنے تمام مختصر روٹ فلِیٹ کو الیکٹرک میں تبدیل کر دیں گے، بی او پی کے ساتھ مالی تعاون پہلے ہی جاری ہے۔
ڈسٹری بیوشن کمپنیاں (ڈسکوز) بھی صلاحیت اور لوڈ مینجمنٹ کے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے طویل راستوں پر الیکٹرک بس آپریشنز فی الحال ناممکن ہیں۔ شیر یار حسن نے کہا کہ اگرچہ ڈیوو نے لاہور اور سیالکوٹ کے درمیان اپنی پہلی الیکٹرک بس پائلٹ پروجیکٹ کامیابی سے شروع کیا، لیکن اسلام آباد اور لاہور جیسے بڑے انٹر سٹی نیٹ ورک کو اسکیل کرنے کے لیے وقت اور نمایاں سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔
پینلسٹس نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان کے پاس علاقائی ای وی مینوفیکچرنگ مرکز بننے کا ایک مضبوط موقع ہے۔ ای وی ای ای موٹرز کے نعمان علوی نے نشاندہی کی کہ 2024 میں دو پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں 1.4 ملین یونٹس کا اضافہ بڑی وجہ سستے 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈلز کی مقامی پیداوار ہے۔
انہوں نے ای وی پارٹس کی لوکلائزیشن کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر پلاسٹک پرزوں پر جو گاڑی کی قیمت کا 15 سے 20 فیصد بنتے ہیں اور یہ تاکید کی کہ وسیع پیمانے پر ای وی اپنانے کے لیے معیشت کے پیمانے تک پہنچنا ضروری ہے۔
نعمان علوی نے کمپنی کے تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں 20 فیصد ای وی صارفین خواتین ہیں، جبکہ روایتی آٹوموٹیو مارکیٹوں میں یہ شرح 1 فیصد سے بھی کم ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کی تعلیم اور آگاہی مہم اپنانے کے لیے بہت اہم ہیں۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایف ایم ایل کی اہم اہلکار صالحہ حسن نے اس مفروضے کو چیلنج کیا کہ ای ویز صرف عیاشی کی گاڑیاں ہیں، اور کہا کہ یہ ایک یوٹیلیٹی فیصلہ ہے — آپ وی ویز میں اس لیے سرمایہ کاری کرتے ہیں کیونکہ آپ زندگی کے انداز میں تبدیلی کی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیچ بیک گاڑیاں ای وی مارکیٹ کا 52 فیصد حصہ بناتی ہیں، جو صارفین کی مضبوط ترجیح کو ظاہر کرتا ہے۔ صالحہ حسن کی کمپنی ڈی ایف ایم ایل ہیچ بیک ای وی ہونیری بنا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی بی یوز کو حوصلہ افزائی نہیں ملنی چاہیے، جب کہ سی کے ڈی اسمبلی کو حکومت کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔
ان حوصلہ افزا اشاروں کے باوجود، بڑی رکاوٹیں برقرار ہیں، پاکستان کا چارجنگ انفرااسٹرکچر ابھی تک کمزور ہے، جس کی وجہ سے ای ویز زیادہ تر مختصر فاصلے کی شہری نقل و حمل تک محدود ہیں۔
مالیاتی رکاوٹیں ایک اور پیچیدگی پیدا کرتی ہیں۔ عالمی سطح پر، بیٹری کی بلند قیمتیں (جو ای وی اخراجات کا 30 سے40 فیصد بنتی ہیں) اور دوبارہ فروخت کی قیمتوں کے بارے میں غیر یقینی صورتحال خریداروں کو ہچکچاہٹ میں ڈالتی ہیں۔ پاکستان میں یہ صورتحال اقتصادی عدم استحکام، بلند شرح سود اور صارفین کے لیے مالی معاونت کے اختیارات کی کمی سے مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ تاہم، وزیراعلیٰ پنجاب کی سود سے آزاد بائیک اسکیم جیسی کامیاب کہانیاں ای وی مالی معاونت کے پروگرامز کے لیے نقل کرنے کے قابل ماڈلز فراہم کرتی ہیں۔
کانفرنس میں گرین بانڈز، بیٹری لیزنگ اور سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان شراکت داری جیسے جدید فنانسنگ میکانزم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مقررین نے متفقہ طور پر کہا کہ مضبوط پالیسی حمایت اور حکومت، مالیاتی اداروں اور تیار کنندگان کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔ سی اے سی کے ڈائریکٹر اور کانفرنس کے چیف آرگنائزر یاسر حسین نے کہا کہ موسمیاتی اقدامات کو صرف باتوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ انہیں بورڈ رومز تک پہنچنا ہوگا، باتوں سے لے کر معاملات تک منتقل ہونا ہوگا — اور ای وی معیشتی استحکام اور ماحولیاتی ذمہ داری کے درمیان پل فراہم کرتے ہیں۔
تمام سیشنز کے دوران مینوفیکچرنگ اور مالیاتی شعبوں سے آنے والی آوازوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی اسمبلی کی کوششیں ملک کو ایک اسٹریٹجک برآمدی مرکز کے طور پر قائم کر سکتی ہیں۔ بیٹری کی پیداوار کی مقامی سطح پر آغاز بھی جلد متوقع ہے، جو ایک زیادہ پائیدار سپلائی چین کا وعدہ کرتی ہے۔






















Comments
Comments are closed.