متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ 2025 میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد 7 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے جو گزشتہ سال 6.7 ارب ڈالر تھی۔

امارات نیوز ایجنسی (ڈبلیو اے ایم) کو جاری کردہ ایک بیان میں سفیر نے کہا کہ یہ اعداد و شمار نہ صرف ہماری اقتصادی شراکت داری کی مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ قومی معیشت کو سہارا دینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 21.63 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ امارات کو پاکستان کی برآمدات میں 7.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں۔ حالیہ برسوں میں امارات پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ترسیلات زر کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تقریبا 19 اماراتی کمپنیاں کام کررہی ہیں اور متحدہ عرب امارات نے مواصلات، خدمات، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تیل و گیس، ہاؤسنگ، بینکنگ اور رئیل اسٹیٹ جیسے اہم شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔

سفیر پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی متعدد معروف کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی پر روشنی ڈالی جن میں اتحاد ایئرویز، امارات، عمار اور دبئی اسلامک بینک شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابوظہبی پورٹس کمپنی اور ڈی پی ورلڈ کی جانب سے پورٹ آپریشنز کے معاہدوں پر دستخط سمیت حالیہ پیش رفت پاکستان کی ترقی اور رابطوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے گہرے اور طویل مدتی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے متحدہ عرب امارات سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کو مزید قابل رسائی اور پرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی

متحدہ عرب امارات میں 15 لاکھ مقیم پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے فیصل نیاز ترمذی نے ان کی خدمات کو سراہا اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین، ثقافتی اصولوں اور ڈیجیٹل ضوابط پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ترسیلات زر کے قانونی ذرائع کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد کے لئے ایک ویڈیو گائیڈ متعارف کرائی گئی ہے۔

انہوں نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مثبت موجودگی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو روز بروز مضبوط کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب کے بعد دنیا بھر میں پاکستانیوں کی دوسری بڑی تعداد کی نمائندگی کرتی ہے۔

2024 کے اعداد وشمار کے مطابق دبئی میں 4 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں، جو شہر کی آبادی کا تقریباً 13 فیصد بنتا ہے اور اس طرح وہ امارات میں تیسرا سب سے بڑا نسلی گروہ شمار ہوتا ہے۔

Comments

200 حروف