خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران کم از کم تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کے پی پولیس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن تاجوری کے علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے انٹیلی جنس پر مبنی معلومات پر شروع کیا گیا۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خان خیل مندزئی کے قریب جنگلاتی علاقے میں 20 سے 25 دہشت گردوں کے ایک گروہ سے مقابلہ کیا، جو تاجوری اور برگئی تھانوں کی حدود کے درمیان واقع ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اطلاعات کے مطابق کئی زخمی دہشت گرد فرار ہو گئے ہیں تاہم علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل کے پی پولیس ذوالفقار حمید نے آپریشن میں مدد کرنے پر لکی مروت پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے ارکان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن میں شامل اہلکاروں کے لئے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے مقامی آبادی کی حمایت اور حب الوطنی کا بھی اعتراف کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد میں ان کے اہم کردار کا ذکر کیا۔
Comments