دسمبر 2024 میں پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات زر 3.08 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو سالانہ بنیادوں پر 29.3 فیصد کا شاندار اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ اس اضافے میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب کا تھا، جہاں سے 771 ملین ڈالر بھیجے گئے، جو دسمبر 2023 کے مقابلے میں 33.4 فیصد کا اضافہ ہے، اس کے بعد متحدہ عرب امارات 631 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جس نے غیرمعمولی 53.6 فیصد کا اضافہ دکھایا۔ برطانیہ نے بھی اہم کردار ادا کیا، 457 ملین ڈاکر بھیج کر، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 24.2 فیصد کا اضافہ ہے۔
مالی سال 25-2024 کے پہلے نصف (جولائی تا دسمبر 2024) کے دوران کل ترسیلات زر 17.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں ریکارڈ شدہ 13.4 بلین ڈالر کے مقابلے میں 32.8 فیصد کا زبردست اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ یہ قابلِ ذکر اضافہ ترسیلات زر کے لیے قانونی چینلز کے استحکام کو ظاہر کرتی ہے۔
سالانہ بنیادوں پر، سال 2024 میں ترسیلات زر سال 2023 کے مقابلے میں 31 فیصد بڑھی، جو مسلسل بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ مہینے وار موازنہ ظاہر کرتا ہے کہ سال 2024 نے سال 2023 کو مسلسل پیچھے چھوڑا، جس میں دسمبر 2024 نے سب سے زیادہ3.08 بلین ڈالر کی آمدنی ریکارڈ کی۔
یہ مستقل ترقی، خاص طور پر مئی سے دسمبر تک، ریگولیٹری اصلاحات، قانونی ترسیلات زر کے چینلز کے لیے مراعات، اور بلیک مارکیٹ اور انٹربینک ایکسچینج ریٹ کے فرق کو کم کرنے کے اقدامات کی وجہ سے ہوئی۔ ان کوششوں نے روپے کو ڈالر کے مقابلے میں مستحکم کیا اور ترسیلات زر میں قابل ذکر اضافے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔
زیادہ ترسیلات زر کی آمد نے بلاشبہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کیا اور اس کی معاشی مشکلات میں کچھ ریلیف فراہم کیا۔ تاہم، ترسیلات زر پر زیادہ انحصار طویل مدتی اقتصادی استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ بیرونی آمدنیوں پر انحصار معیشت کو عالمی دھچکوں کی زد میں لاتا ہے اور اکثر برین ڈرین (ذہین اور ماہر افرادی قوت کا باہر جانا) اور مقامی صنعتوں کی ترقی پر کم توجہ کا باعث بنتا ہے۔
ان خطرات کو کم کرنے کے لیے حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ معیشت کو متنوع بنائے، پیداواری مقامی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے، ترسیلات زر کے پائیدار استعمال کو فروغ دے، اور مہنگائی کے دباؤ اور ماہر افرادی قوت کے اخراج جیسے مسائل کو حل کرے۔ یہ اقدامات ایک مضبوط اور متوازن اقتصادی مستقبل کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔
Comments