گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران پاکستان کی خراب اقتصادی کارکردگی کو اکثر پالیسی کے تسلسل میں کمی سے نتھی کیا جاتا ہے۔ یہ عدم تسلسل عموماً سیاسی عدم استحکام سے بھی جڑا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک ایسا بھیانک چکر پیدا ہوا ہے جس نے ساختی تبدیلی میں رکاوٹ ڈالی ہے۔ اس دلیل کے مطابق اگر پاکستان ایک قومی اقتصادی حکمت عملی مرتب کرے، جس میں طویل مدتی اقتصادی منصوبہ بندی کا فریم ورک شامل ہو، تو وہ آخرکار پالیسی کے تسلسل کو حاصل کر سکتا ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ اصولی طور پر، ایسا تسلسل سیاسی ہلچل کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ واضح اور وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ مقاصد کو یقینی بناتا ہے۔

یہ منطق ”اڑان پاکستان“ سے متعلق ہے جو وفاقی حکومت کا حال ہی میں انتخاب کے بعد پیش کردہ اقتصادی پالیسی منشور ہے۔ ”اڑان“ دستاویز ایک وسیع تبدیلی کا ایجنڈا پیش کرتی ہے جس میں قومی معیشت کے تقریبا ہر بڑے شعبے میں دور رس اصلاحات کا عزم کیا گیا ہے۔ تاہم اس میں ایک عام خامی ہے: پچھلے تمام ویژن بیانات کی طرح، اس کی کامیابی کا دارومدار مسلسل عمل درآمد پر ہے جو کئی انتخابی چکروں تک جاری رہ سکے۔

ایک سیاسی ماحول میں جہاں طاقت کی تقسیم کی ترتیبات کمزور قانونی حیثیت کے ساتھ آتی ہیں اور بار بار تبدیلیوں کا شکار ہوتی ہیں، وہاں کسی بھی طویل مدتی ایجنڈے کو برقرار رکھنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ اس بات کا واضح ثبوت فراہم کرتی ہے کہ جلد یا بدیر ادارہ جاتی، بین الاقوامی، سیاسی، قانونی، عدالتی، اور آبادیاتی دباؤ کا ایک مجموعہ کسی بھی حکومت کے بہترین منصوبوں کو متاثر کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں، اگر حکمران جماعت کا ناقص کارکردگی کا رسمی تجزیہ واقعی پالیسی کے تسلسل کی کمی ہے تو اسے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ کوئی بھی حکومت کبھی بھی ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہتی۔ کسی بھی حکومتی اتحاد کی مدت ختم ہو جاتی ہے اس سے پہلے کہ کثیر سالہ حکمت عملی مکمل طور پر کامیاب ہو سکے۔

لہٰذا کوئی بھی معاشی پروگرام جس میں یہ تصور کیا جاتا ہے کہ اسے آنے والی حکومتیں انجام دیں گی، ممکنہ طور پر مختلف ترجیحات کے ساتھ، وسیع تر قومی اتفاق رائے حاصل کیے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا، قطع نظر اس کے کہ پالیسی کا خاکہ کتنا ہی جامع کیوں نہ ہو، اس کی قانونی حیثیت اور پائیدار اثرات کا دارومدار سیاسی حمایت پر ہے۔ موجودہ قیادت کو اس بات کا سہرا جاتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے طویل عرصے سے چارٹر فار دی اکانومی کی حمایت کی ہے، جس کا مقصد ایک مشترکہ فریم ورک تشکیل دینا ہے جو جانبدارانہ مفادات سے بالاتر ہو۔

ایسے اتفاق رائے کو حاصل کرنا ایک ناقابلِ حصول خواب نہیں ہے۔ پاکستان کی سیاسی اشرافیہ، حالانکہ اکثر ایک دوسرے سے متصادم رہتی ہے، اہم مواقع پر مشترکہ مفادات تلاش کرنے میں کامیاب رہی ہے— یہاں تک کہ جب کسی حکومت کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا گیا۔ پچھلے تین عام انتخابات کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں نے نتائج کی صداقت پر سوالات اٹھائے، لیکن وفاق نے اہم پالیسی اقدامات پر اتفاق رائے حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، جن میں آپریشن ضربِ عضب (2016)، فاٹا کا انضمام (2018)، اور مرکزی بینک کی خودمختاری (2021) شامل ہیں۔ یہ معاہدے اس بات کے وسیع پیمانے پر تسلیم ہونے کی بدولت ممکن ہوئے کہ ہر اقدام کی قومی اہمیت ہے، چاہے حکومت کے ان اقدامات کو نافذ کرنے پر سیاسی تحفظات موجود ہوں۔

اگر مقصد واقعی پالیسی کے تسلسل کو فروغ دینا ہے تو پھر اتفاق رائے چند اہم اہداف پر مبنی ہونا چاہئے جو کسی بھی حکومت سے بالاتر ہوں۔ اس کے علاوہ کوئی بھی اصلاحی ایجنڈا جو طویل مدتی تسلسل پر انحصار کرتا ہو، نہ صرف قانون سازی اور بحث کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کی جائے بلکہ اسے ایک جامع قومی پلیٹ فارم پر بھی متعارف کرایا جانا چاہیے—جیسے آل پارٹیز کانفرنس، جو اٹھارہویں ترمیم کے عمل کی طرح ہو۔ ایسا کرنے سے سیاسی اور نسلی طور پر کمزور گروپوں کو ایک وسیع اقتصادی وژن کی تشکیل میں آواز ملے گی جس سے اس کی قانونی حیثیت میں اضافہ ہوگا۔

مزید برآں پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی چارٹر بنانے سے پہلے اہم مسائل پر اتفاق رائے ہونا چاہیے۔ ایک بار جب ایک وسیع اتحاد بنیادی رکاؤٹیں ختم کرنے پر ہوجاتا ہے— خواہ وہ آبادی میں اضافہ ہو، موسمیاتی تبدیلی، بنیاد پرستی، انتہا پسندی، قرضوں کی پائیداری، دائمی دہرے خسارے، ناخواندگی، غذائی قلت، یا غیر منصفانہ ٹیکس — اس کے بعد ہر منتخب حکومت کو اپنے پالیسی ٹولز کے ساتھ ان مسائل سے نمٹنے کے لئے آزاد ہونا چاہئے، بشرطیکہ وہ ان کو حل کرنے کے لئے پرعزم رہے۔

لیکن مثال کے طور پر کیا اس بات پر کوئی حقیقی اتفاق رائے ہے کہ کیا آبادی میں تیزی سے اضافہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے بنیادی خطرہ ہے؟ کیا ہم اجتماعی طور پر اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی اور انتہا پسندی سے اندرونی بحران پیدا ہوتے ہیں؟ کیا وسیع پیمانے پر اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ دوہرے خسارے اور قرضوں کی پائیداری قومی معیشت کی اہم ترین کڑیاں ہیں؟ کیا مسلسل ناخواندگی اور غذائی قلت کو اندرونی نقصان دہ قوتوں کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جو ملکی صلاحیت کو کھوکھلا کردیتی ہیں؟ اس طرح کے احتساب یا جائزے کے بغرایک پارٹی کے پانچ یا دس سالہ منصوبے کو درحقیقت یہ ترجیح نہیں مل سکتی کہ وہ قومی پالیسی ہے۔

پی ایم ایل-این، ”اڑان پاکستان“ کا اعلان کرتے ہوئے امید کرتی نظر آتی ہے کہ اس کی حکمت عملی اپنی مدت کے بعد بھی قائم رہے گی۔ اس بات کا خدشہ موجود ہےکہ یہ منصوبہ بھی ماضی کے دیگر منصوبوں کی طرح پورا نہیں ہوسکتا۔ اصل معاملہ ایک مضبوط اور جامع قومی اتفاق رائے کا فقدان ہے۔ جب تک پاکستان کا وسیع تر سیاسی طبقہ ملک کی ترقی کے بنیادی رکاوٹوں پر متفق نہیں ہو جاتا اور ایک ایسا طریقہ کار طے نہیں کیا جاتا جس کے ذریعے ہر حکومت، چاہے وہ کسی بھی جماعت کی ہو، ان چیلنجز کو حل کرے، کوئی بھی اقتصادی خاکہ بالآخر سیاست کی بدلتی ہواؤں کے سامنے غیر محفوظ ہی رہے گا۔

تو کیا اڑان پاکستان وہ معاشی منشور ہے جو قومی اتفاق رائے کے امتحان پر پورا اتر سکتا ہے؟ ابھی تک نہیں – ابھی نہیں—یہ تب تک ممکن نہیں جب تک کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو ملک کے بنیادی چیلنجز کے مشترکہ وژن کے گرد یکجا کرنے کے لیے ایک منظم کوشش نہ کی جائے۔

ملک کے بنیادی چیلنجوں کے مشترکہ نقطہ نظر کے ارد گرد تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کی ٹھوس کوششوں کے بغیر نہیں۔ صرف تبھی طویل المیعاد معاشی حکمت عملی سیاسی طاقت کی غیر پائیداری پر قابو پا سکتی ہے اور اس بات کو یقینی بنا سکتی ہے کہ بڑی اصلاحات اور پالیسیاں انتخابی چکر پر قابو پا لیں اور قیادت میں ناگزیر تبدیلیوں سے بچ سکیں کیوں کہ ان عوامل سے تاریخی طور پر انتہائی نیک نیتی پر مبنی منصوبے بھی کمزور ہوچکے۔

Comments

200 حروف