امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی میں ایک مضبوط ترقی پسند آواز، ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے جیکسن لی افریقی نژاد امریکیوں اور خواتین کے حقوق کے بارے میں کھل کر بات کیا کرتی تھیں۔

کانگریس کی خاتون رکن نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق وہ 74 برس کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آگے کا راستہ آسان نہیں ہوگا، لیکن مجھے یقین ہے کہ خدا مجھے مضبوط کرے گا۔

ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ عوام کی زبردست چیمپئن تھیں ، 30 سال سے زائد عرصے تک ان کی روزمرہ زندگی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ان کے حلقے میں پیار سے انہیں صرف ’کانگریس وومن‘ کے نام سے جانتے تھے۔

وہ سماجی انصاف، معاشی عدم مساوات اور صحت عامہ کے خدشات کو دور کرنے کے مقصد سے قانون سازی کو فروغ دینے میں اپنے پورے کیریئر کے دوران سرگرم رہیں۔

شیلا جیکسن لی سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔

ستمبر 2022 میں حکومت پاکستان نے جیکسن لی کو پاکستان کیلئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

وزیر اعظم پاکستان نے جیکسن لی کے اہل خانہ اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی چیمپیئن تھیں۔

وزیراعظم نے لکھا کہ ان کی خدمات کو آنے والے سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ لی ایک ممتاز قانون ساز اور پاکستان کی ثابت قدم دوست تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریشنل پاکستان کاکس کی چیئرپرسن کی حیثیت سے پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی انتھک کوششوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Comments

200 حروف