نجکاری کے بعد حکومتی ایکویٹی میں اضافے کا خدشہ، کابینہ کمیٹی کی سرکلر ڈیٹ فنانسنگ کا متبادل تیار کرنے کی ہدایت
- منظور شدہ تنظیم نو کے منصوبے کے تحت تینوں ڈسکوز کے ریٹائرڈ ملازمین کے ریٹائرمنٹ فوائد کو ایک مشترکہ حکومتی ملکیتی اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) میں منتقل کیا جائے گا
نجکاری کے بعد قرضوں کی واپسی کے نتیجے میں حکومت پاکستان کی ایکویٹی میں اضافے سے بچنے کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) نے پاور ڈویژن اور وزارت خزانہ کو سرکلر ڈیٹ فنانسنگ (سی ڈی ایف) انتظام کا متبادل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ کمیٹی نے تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔
منظور شدہ تنظیم نو کے منصوبے کے تحت تینوں ڈسکوز کے ریٹائرڈ ملازمین کے ریٹائرمنٹ فوائد کو ایک مشترکہ حکومتی ملکیتی اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) میں منتقل کیا جائے گا۔ تمام اراضی کے لیے طویل مدتی لیز بیک انتظامات بھی کیے جائیں گے، جن کی شرائط پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کے ساتھ طے کی جائیں گی۔ لیز کی لاگت ٹیرف کے ذریعے صارفین سے وصول ہوتی رہے گی۔
ذرائع کے مطابق تصدیق شدہ وصولیوں کو واجبات کے مقابلے میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جبکہ وزارت خزانہ کی جانب سے مستقبل میں فراہم کی جانے والی لیکویڈیٹی کو حکومت پاکستان سے تصدیق شدہ وصولیوں کے مقابلے میں شمار کرتے ہوئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی (سی پی پی اے-جی) کے واجبات سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ڈویلپمنٹ سپورٹ لون (ڈی ایس ایل) کے دوبارہ قرض دیے گئے قرضوں کے واجب الادا حصے اور اس پر جمع شدہ مارک اپ کو معاف کیا جائے گا، جبکہ غیر واجب الادا قرضے ڈسکوز کی بیلنس شیٹس پر برقرار رہیں گے اور ان کا مارک اپ ٹیرف کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔
دریں اثنا، فیسکو کے تنظیم نو کے بعد اثاثے 408.31 ارب سے کم ہو کر 285.20 ارب روپے، جبکہ گیپکو کے 335 ارب سے کم ہوکر 212.79 ارب روپے اور آئیسکو کے 515.09 ارب سے کم ہوکر 368.14 ارب روپے رہ جائیں گے۔
فیسکو کی ایکویٹی 87.92 ارب سے کم ہو کر 62.87 ارب روپے، جبکہ گیپکو کی 76.10 ارب سے 46.69 ارب روپے ہوجائے گی۔ تاہم آئیسکو کی ایکویٹی 88.59 ارب سے بڑھ کر 110.74 ارب روپے ہوجائے گی۔
کمیٹی نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کو مجاز شیئر کیپیٹل بالترتیب 100 ارب، 75 ارب اور 125 ارب روپے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی ایف کے متبادل حل کو نجکاری کمیشن سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ تب تک ڈسکوز اپنی بیلنس شیٹس پر سی ڈی ایف مختص رقم درج نہیں کریں گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments