✕
دنیا

امریکی ایلچی وٹکوف کی پیوٹن سے ملاقات، ٹرمپ کا یوکرین پر جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ

  • امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف بدھ کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے
شائع اپ ڈیٹ

امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف بدھ کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل ناروے میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ امریکی حکام کے مذاکرات کو تعمیری قرار دیا گیا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق اوسلو مذاکرات میں یوکرین نے نئی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ناروے اور فن لینڈ کے رہنماؤں سمیت یورپی اور نیٹو نمائندوں نے شرکت کی۔ فریقین نے روس کے ساتھ مذاکرات کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اہم پیش رفت کی۔

مذاکرات میں یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتوں، جنگ کے بعد معاشی منصوبے اور یورپی سلامتی کے وسیع تر ڈھانچے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کا مقصد روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان براہ راست سہ فریقی مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رابطے کے بعد یوکرین کو روسی میزائل حملوں کی پیشگی اطلاع دوبارہ ملنے لگی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام اور اسٹارلنک سیٹلائٹ سروس پر بھی گفتگو کی۔

زیلنسکی نے نیٹو کے آرٹیکل 5 جیسی سیکیورٹی ضمانتوں پر بات چیت کی، جس کے تحت کسی ایک رکن پر حملے کو تمام اتحادیوں پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔ ناروے اور فن لینڈ کے رہنماؤں نے بھی مذاکرات کو مثبت قرار دیا۔

دوسری جانب ٹرمپ نے کہا ہے کہ یوکرین کو جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدے پر آمادہ ہونا چاہیے، جبکہ روس بھی تصفیہ چاہتا ہے۔ امریکی حکومت نے یوکرین کی جنگی کوششوں میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے کی تردید کی ہے۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اشارہ دیا کہ امریکی میزائل ابھی یوکرین کو فراہم نہیں کیے گئے۔