پاکستان

خلیجی کشیدگی: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع

  • یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا عکاس ہے، دفتر خارجہ
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف جمعرات (آج) سے ہفتہ تک سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے ، اس دوران وہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی و عالمی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اردن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے وفد میں شامل ہوں گے جہاں انہوں نے یروشلم کے حوالے سے منعقدہ وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف اور ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفترخارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا عکاس ہے جو کئی دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، تعاون اور برادرانہ تعلقات پر استوار ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ دورہ خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے پس منظر میں ہو رہا ہے تاہم اس کی اہمیت فوری علاقائی صورتحال سے کہیں بڑھ کر ہے۔

توقع ہے کہ دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم، علاقائی و عالمی امور پر باہمی رابطہ بہتر اور دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔