دنیا

ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کر دی

  • یہ اقدام ٹرمپ کے اس مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی ایک اور مثال ہے، ماہرین
شائع April 22, 2026 اپ ڈیٹ April 22, 2026 12:52pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایران کے ساتھ جنگ بندی کو غیر معینہ مدت تک بڑھانے کا اعلان کیا، جو اسکی مدت ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری امن مذاکرات کو جاری رکھنا بتایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی درخواست پر ایران پر ممکنہ حملہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایرانی قیادت ایک متفقہ تجویز پیش کر سکے۔ پاکستان اس وقت ان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام ٹرمپ کے اس مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی ایک اور مثال ہے جس میں وہ ایران کے پاور پلانٹس اور دیگر شہری تنصیبات پر حملوں کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر جنگی جرائم قرار دیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے جنگ بندی میں توسیع اس لیے کی کیونکہ ایران کی حکومت اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں میں ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل تھے۔

دوسری جانب امریکا نے ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے، جسے ایران جنگی اقدام قرار دے چکا ہے۔ تاہم اس اعلان پر ایران، اسرائیل یا پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔