اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران معاشی نمو کی شرح 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ نمو کی کم ترین شرح عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تخمینے کے مطابق ہے جبکہ بلند ترین شرح جون میں بجٹ پر پارلیمانی بحث کے دوران حکومت کی جانب سے پیش کردہ تخمینے کے مطابق ہے۔
اگرچہ بعض ناقدین اس تخمینے کی حد کو محتاط حکمت عملی قرار دے سکتے ہیں، جس سے دو بڑے اسٹیک ہولڈرز بھی ناراض نہیں ہوں گے، تاہم آئی ایم ایف نے اکتوبر میں شائع ہونے والی اپنی رپورٹ ریزیلینس انڈر اسٹرین: ارجنٹ چوائسز میں کہا ہے کہ عالمی معاشی سرگرمیاں ایک بار پھر توقعات کے برعکس لچک کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی، دستیاب حفاظتی وسائل اور حالات سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت نے جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات کم کرنے میں مدد دی ہے۔ عالمی معاشی نمو 2026 میں سست ہو کر 3.1 فیصد رہنے جبکہ 2027 میں بحال ہو کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
تاہم 3 نومبر 2026 کو امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد یہ پیش گوئی اب قابلِ عمل دکھائی نہیں دیتی جن میں عوام نے ڈیموکریٹس کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیا۔ اس کی وجوہات میں نہ صرف ایران کے ساتھ تنازع کے باعث مہنگائی میں اضافہ بلکہ ملک بھر میں قائم توانائی کی بھاری کھپت کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کی مخالفت بھی شامل ہے۔ اس تناظر میں یہ فرض کرنا درست ہوگا کہ رواں مالی سال کے لیے عالمی معاشی نمو کی 3.4 فیصد شرح کا حصول ممکن نہیں ہو سکے گا کیونکہ توانائی کے حصص کی قیمتوں میں کمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں مندی کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
تاہم آئی ایم ایف نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے میں مدد دینے والے عوامل کی گنجائش لامحدود نہیں اور خطرات کا جھکاؤ معاشی نمو میں کمی کی جانب ہے۔ رپورٹ کے مطابق تنازعات میں مزید شدت، مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق توقعات میں تبدیلی، تجارتی کشیدگی میں دوبارہ اضافہ اور مالی کمزوریاں معاشی نمو کو متاثر کرسکتی ہیں۔ دوسری جانب اے آئی میں سرمایہ کاری کی رفتار مزید تیز ہونے، اس ٹیکنالوجی کے باعث پیداواری صلاحیت میں اضافے یا جغرافیائی سیاسی اور تجارتی کشیدگی میں مسلسل کمی سے معاشی نمو کو تقویت مل سکتی ہے۔
پاکستان کے تناظر میں، قومی کھاتوں (این اے) اور سرکاری مالیاتی اعدادوشمار (GFS) میں موجود کمزوریوں کے باعث معاشی نمو کی کم ترین تخمینہ شدہ شرح حاصل ہونے کا امکان ہے۔ اس جانب ستمبر 2024 میں آئی ایم ایف کی ویب سائٹ پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے موجودہ قرض پروگرام کی منظوری سے متعلق اپ لوڈ کی گئی دستاویزات میں بھی نشاندہی کی گئی تھی۔ دستاویزات کے مطابق قومی کھاتوں اور سرکاری مالیاتی اعدادوشمار میں کمزوریاں موجود ہیں جو کسی حد تک نگرانی کے عمل میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ جی ڈی پی کے تقریباً ایک تہائی حصے کی نمائندگی کرنے والے شعبوں کے دستیاب بنیادی اعدادوشمار میں اب بھی اہم خامیاں موجود ہیں جبکہ سرکاری مالیاتی اعدادوشمار کی تفصیل اور قابلِ اعتماد ہونے کے حوالے سے بھی مسائل درپیش ہیں۔
حکام ان کمزوریوں کو دور کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس میں سرکاری مالیاتی اعدادوشمار (جی ایف ایس) اور نئے پروڈیوسر پرائس انڈیکس (پی پی آئی) کے حوالے سے آئی ایم ایف کی تکنیکی معاونت (ٹی اے) بھی شامل ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) آئندہ قومی کھاتوں کی مالی سال 2026 تک نئی بنیاد پر تشکیل سے قبل چار بڑے سروے کا فیلڈ ورک بھی جلد شروع کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق تکنیکی معاونت کا کام رواں سال جون کے اختتام تک مکمل ہونا تھا، تاہم آئی ایم ایف کے عملے کی تجاویز اور تحفظات کے باعث اس کی مدت بڑھا کر اکتوبر کے اختتام تک کردی گئی۔ تاہم بزنس ریکارڈر کی جانب سے پی بی ایس سے تکنیکی معاونت کی پیش رفت کے بارے میں بار بار رابطے کے باوجود تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
تاہم اسٹیٹ بینک کا دعویٰ ہے کہ معاشی نمو کی بلند شرح کو بہتر میکرو اکنامک استحکام سے تقویت ملے گی۔ یہ دعویٰ 21.5 ارب ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر پر مبنی ہے جن کا بڑا حصہ دوست ممالک اور کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے حاصل کردہ قرضوں اور حال ہی میں سکوک اور یورو بانڈز کے اجرا کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ ملکی طلب میں بحالی بھی معاشی نمو میں معاون ہوگی،تاہم پاکستان میں مجموعی طلب میں اضافے کی بڑی وجہ حکومتی جاری اخراجات میں اضافہ ہے۔ یہ ایک ایسی پالیسی ہے جو پیداواری صلاحیت میں اضافے کے بغیر مہنگائی کو ہوا دیتی ہے۔ اسی طرح ماضی میں کی جانے والی مالیاتی نرمی کے اثرات بھی اب ظاہر ہونے کی توقع ہے،حالانکہ پاکستان کی موجودہ پالیسی شرح سود خطے کے حریف ممالک کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے۔ مالی اور بیرونی شعبے کے حفاظتی وسائل بھی نمو کو سہارا دینے والے عوامل میں شامل ہیں، تاہم ٹیکس وصولیوں میں بالواسطہ ٹیکسز کا حصہ اب بھی مجموعی وصولیوں کے 70 سے 75 فیصد سے زیادہ ہے۔
دوسرے الفاظ میں ان معاشی بہتریوں سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والی آبادی کے 44.7 فیصد کے بلند تناسب میں کمی لانے میں کوئی خاص مدد نہیں ملی، جیسا کہ عالمی بینک نے تخمینہ لگایا ہے۔
معاشی ترقی کی شرح کو زیادہ جامع اور اس کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ پیداواری وسائل کے مالکان کو مالیاتی اور ٹیکس مراعات دے کر ان کے فوائد بتدریج عام آبادی تک پہنچنے کے تصور پر حد سے زیادہ انحصار کی حکمت عملی پر بھی نظرثانی ہونی چاہیے، کیونکہ کسی بھی ملک میں اس تصور کے خاطرخواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔




















Comments