ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس کی بحالی اب بھی محدود ہے اور زیادہ تر چند مخصوص شعبوں اور ممالک تک ہی محدود نظر آتی ہے۔ اکتوبر 2026 میں خالص ایف ڈی آئی 216 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 31.7 فیصد زیادہ ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی خالص سرمایہ کاری 935.7 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 764.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں 22.4 فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ حوصلہ افزا ضرور ہے، لیکن ان اعدادوشمار کو درست تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اکتوبر میں آنے والی سرمایہ کاری ستمبر کے 219.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں تقریباً غیر تبدیل شدہ رہی، جبکہ اگست میں یہ 321.6 ملین ڈالر تھی۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی سرمایہ کاری کی آمد 18 فیصد اضافے سے 1.27 ارب ڈالر ہوگئی، جبکہ سرمایہ کاری کا انخلا بھی تقریباً 7 فیصد بڑھ کر 330 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بہتری ضرور آرہی ہے، لیکن ابھی کوئی بڑی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔
ممالک کے لحاظ سے سرمایہ کاری کی تقسیم ایک دلچسپ تصویر پیش کرتی ہے۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران کینیڈا براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جس نے 318 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اس کے بعد چین 237 ملین ڈالر اور برطانیہ 130 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان تینوں ممالک کا مجموعی خالص ایف ڈی آئی میں حصہ تقریباً 73 فیصد رہا۔

چین سے سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 73 فیصد بڑھی، جبکہ برطانیہ سے آنے والی سرمایہ کاری میں تقریباً 76 فیصد اضافہ ہوا۔
تاہم جو بات نمایاں طور پر سامنے آتی ہے وہ خلیجی ممالک سے محدود سرمایہ کاری ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری کے وعدوں اور اعلانات کے باوجود عملی طور پر آنے والی رقوم اب بھی کم ہیں۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات نے 63 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جبکہ سعودی عرب کی خالص سرمایہ کاری محض 0.5 ملین ڈالر رہی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کاری کے اعلانات اور حقیقتاً ملک میں آنے والی رقوم کے درمیان اب بھی خاصا فرق موجود ہے۔
شعبوں کے لحاظ سے اعدادوشمار بھی دلچسپی کے حامل ہیں۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران مالیاتی کاروبار کے شعبے میں سب سے زیادہ 260 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ رقم 192 ملین ڈالر تھی۔ اس کے بعد کان کنی اور کھدائی کے شعبے میں 169 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، تاہم یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 266 ملین ڈالر کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری 42 فیصد اضافے سے تقریباً 160 ملین ڈالر ہوگئی۔
ممالک اور شعبوں کے لحاظ سے اعدادوشمار کا قریب سے جائزہ لینے سے کچھ اندازہ ہوتا ہے کہ سرمایہ کاری کا رخ کن شعبوں کی طرف ہوسکتا ہے۔ کینیڈا سے آنے والی نمایاں سرمایہ کاری کا تعلق کان کنی اور کھدائی کے شعبے سے ہوسکتا ہے، جبکہ برطانیہ کی سرمایہ کاری مالیاتی خدمات سے منسلک ہوسکتی ہے۔ چین بھی توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے، جہاں اس کی پہلے سے موجودگی ہے۔

ایک بڑی تبدیلی تجارت کے شعبے میں دیکھنے میں آئی، جہاں سرمایہ کاری محض 2.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 154 ملین ڈالر ہوگئی۔ صرف اس اضافے نے چار ماہ کے دوران خالص ایف ڈی آئی میں ہونے والے مجموعی اضافے کا تقریباً 88 فیصد حصہ ڈالا۔ دوسرے لفظوں میں، ایف ڈی آئی کے مجموعی اعدادوشمار میں زیادہ تر بہتری غیر ملکی سرمایہ کاری میں وسیع البنیاد اضافے کے بجائے ایک ہی شعبے کی بدولت آئی۔ سوال یہ ہے کہ آیا یہ اضافہ سرمایہ کاروں کی نئی دلچسپی کا نتیجہ ہے یا محض چند بڑی سرمایہ کاری کی ٹرانزیکشنز کا۔ مزید تفصیلات کے بغیر اس بارے میں حتمی رائے دینا مشکل ہے۔
دوسری جانب برآمدات کی صلاحیت رکھنے والے شعبوں میں سرمایہ کاری اب بھی مایوس کن ہے۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبے میں صرف 6 ملین ڈالر، خوراک کے شعبے میں تقریباً 15 ملین ڈالر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 14.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔ الیکٹرانکس اور آٹوموبائل کے شعبوں کی کارکردگی نسبتاً بہتر رہی، جہاں بالترتیب 33 ملین ڈالر اور 39 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، اور دونوں شعبوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری دیکھی گئی۔ اس کے برعکس تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں 6.7 ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کا انخلا ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں اس شعبے میں 36.5 ملین ڈالر کی مثبت سرمایہ کاری آئی تھی۔
اکتوبر کے اعدادوشمار بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔ مالیاتی کاروبار کے شعبے میں 69 ملین ڈالر، کان کنی اور کھدائی میں 66.5 ملین ڈالر جبکہ تجارت کے شعبے میں 38 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ ان تینوں شعبوں کا مجموعی طور پر ماہانہ خالص ایف ڈی آئی میں حصہ تقریباً 80 فیصد رہا، جو ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کاری کی بنیاد اب بھی کتنی محدود ہے۔
پاکستان کی معاشی صورتِ حال میں بہتری آئی ہے اور اس سے کسی حد تک سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے میں مدد ملنی چاہیے۔ تاہم، بڑے مسائل اب بھی جوں کے توں ہیں۔ کاروبار کی بلند لاگت، ٹیکسوں سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور ضابطہ جاتی رکاوٹیں بدستور طویل مدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کررہی ہیں۔
ملک کو ایسی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جو روزگار کے مواقع پیدا کرے، برآمدات میں اضافہ کرے اور صنعتی پیداواری صلاحیت کو فروغ دے۔ اس مقصد کے لیے معاشی استحکام کو بہتر بنانا ضروری ہے، لیکن صرف یہی کافی نہیں۔ سرمایہ کاروں کو اس بات کا اعتماد بھی درکار ہے کہ پالیسیاں مستقل رہیں گی اور ملک میں کاروبار کرنا آسان بنایا جائے گا۔
فی الحال براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان چند مخصوص ممالک اور شعبوں سے آگے بڑھ کر نئی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے؟ جب تک ایسا نہیں ہوتا، سرمایہ کاری کی بحالی محدود ہی رہے گی۔




















Comments