ڈالر کی مضبوطی، سونے کی قیمت ایک سال کی کم ترین سطح کے قریب برقرار
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 3,856.52 ڈالر فی اونس پر رہی
عالمی منڈی میں منگل کو سونے کی قیمتیں مستحکم رہیں، تاہم ایک سال سے زائد عرصے کی کم ترین سطح کے قریب برقرار رہیں۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے آئندہ ماہ شرح سود میں اضافے کے امکانات نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا، جبکہ سرمایہ کار امریکی مرکزی بینک کے اکتوبر اجلاس کی تفصیلات کے منتظر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو 0028 جی ایم ٹی تک اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 3,856.52 ڈالر فی اونس پر رہی۔ اس سے قبل پیر کو سونے کی قیمت اکتوبر 2025 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 3,859 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
پیر کو سونے کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجوہات میں امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع میں اضافہ، ڈالر کی مضبوطی اور سخت مانیٹری پالیسی کی توقعات شامل ہیں۔ ڈالر گزشتہ روز اپریل 2025 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ مضبوط ڈالر کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے سونا مہنگا ہوجاتا ہے۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق دسمبر میں امریکی شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس اضافے کے امکانات 96.6 فیصد جبکہ 50 بیسس پوائنٹس اضافے کے امکانات 3.4 فیصد ہیں۔
سرمایہ کار بدھ کو جاری ہونے والے فیڈرل ریزرو کے 27 اور 28 اکتوبر کے اجلاس کے منٹس کا انتظار کررہے ہیں، جن سے آئندہ مانیٹری پالیسی کے بارے میں مزید اشارے مل سکتے ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 47.05 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی، پلاٹینم 0.1 فیصد اضافے سے 1,450.75 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 0.1 فیصد بڑھ کر 969.75 ڈالر فی اونس ہوگیا۔





















Comments