لاہور چیمبر کی وزیراعظم کے برآمدات پر مبنی ترقی کے وژن کی حمایت
- صنعتی ترقی، ویلیو ایڈیشن، سرمایہ کاری کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں، علی حسام اصغر
لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم شہباز شریف کے برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کے وژن کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتی ترقی، ویلیو ایڈیشن، سرمایہ کاری کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معاشی ترقی کے سفر کے ایک اہم مرحلے پر کھڑا ہے اور اسے واضح، مستقل اور طویل مدتی معاشی وژن کی ضرورت ہے جس کا محور پیداواری شعبوں کو مضبوط بنانا، برآمدات میں اضافہ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہو۔
لاہور چیمبر کے صدر نے معاشی ترقی، کاروباری سہولتوں اور صنعتی نمو پر توجہ دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کاروبار دوست اقدامات مضبوط اور مسابقتی معیشت کی جانب پیشرفت کا اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے ان اقدامات پر مؤثر عملدرآمد، پالیسیوں کا تسلسل اور کاروباری ماحول میں عملی بہتری ناگزیر ہوگی۔
علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل محض قلیل مدتی مالیاتی اقدامات یا کھپت پر مبنی ترقی کے سہارے نہیں چل سکتا۔ پائیدار معاشی تبدیلی کے لیے برآمدات پر مبنی مضبوط حکمت عملی درکار ہے جس کی بنیاد پیداوار میں اضافے، خام مال کی ویلیو ایڈیشن، صنعتی جدیدکاری، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے پر ہو۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات کو صرف زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشی ترقی کے ایک جامع محرک کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ مضبوط برآمدی شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرتا، سرمایہ کاری کو راغب کرتا، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرتا، پیداواری صلاحیت بہتر بناتا اور ملک کی معاشی خودمختاری کو مستحکم کرتا ہے۔























Comments