غیر قانونی کال سینٹرز اور جوئے کی ایپس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 154 ملزمان گرفتار، این سی سی آئی اے
- غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، والدین بچوں کی ملازمت اور کال سینٹرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر شعیب خان
قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) نے آن لائن جوئے، بیٹنگ کی ایپلی کیشنز چلانے اور غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے دھوکا دہی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کال سینٹرز اور جوئے کی ایپلی کیشنز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جوئے کی ایپلی کیشنز چلانے میں کئی نامور کاروباری شخصیات بھی ملوث پائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایپلی کیشنز ابتدا میں صارفین کو منافع کا لالچ دیتی ہیں، جبکہ ان کے منتظمین کا بنیادی مقصد صارفین کی مالی حیثیت کا اندازہ لگانا ہوتا ہے۔
محمد شعیب خان نے کہا کہ اگر غیر قانونی کال سینٹرز میں غیر ملکی شہری ملوث پائے گئے تو ان تک رسائی کے لیے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ راولپنڈی کے رہائشی علاقوں میں بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایک غیر قانونی کال سینٹر گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کام کر رہا تھا، جبکہ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں قائم ایک اور کال سینٹر تقریباً 15 سے 20 روز سے فعال تھا۔
ان کال سینٹرز پر چھاپوں کے دوران راولپنڈی سے 11 افراد جبکہ اسلام آباد کے کال سینٹر سے 143 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق ملزمان مختلف ایشیائی ممالک کے شہریوں کو دھوکا دہی کی اسکیموں کے ذریعے نشانہ بنا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں قائم کال سینٹر چار منزلوں پر مشتمل تھا۔ ملزمان ابتدا میں لوگوں کو موبائل فون پر مختلف ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے پر آمادہ کرتے اور بعد ازاں ان کے موبائل فون کی گیلری تک رسائی حاصل کر لیتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان شہریوں کا حساس ذاتی ڈیٹا حاصل کرکے اسے فحش مواد میں تبدیل کرتے اور سماجی بدنامی سے بچنے کے لیے رقم ادا کرنے پر مجبور کرتے تھے۔ اس کے علاوہ قرض فراہم کرنے کے بہانے بھی لوگوں سے فراڈ کیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کال سینٹرز میں کام کرنے والے افراد کو بھاری تنخواہوں پر ملازمت دی جاتی اور معاہدوں کے تحت بھرتی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں اور ان کال سینٹرز پر نظر رکھیں جہاں وہ ملازمت کرتے ہیں، کیونکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے ان کے کریکٹر سرٹیفکیٹ پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے نے ہراسانی اور بلیک میلنگ کے الزامات میں بھی متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026
























Comments