اینویڈیا کے حصص کی قدر 14 سال کی کم ترین سطح پر، قیادت کی تبدیلی اور اے آئی خدشات برقرار
- چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر
وال اسٹریٹ کے ایک اہم پیمانے کے مطابق این ویڈیا کے شیئرز اس وقت سستے دکھائی دے رہے ہیں۔
6 اکتوبر کو اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اب یہ حصص کمپنی کی متوقع آمدنی کے مقابلے میں صرف 12 گنا قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔ یہ 2012ء کے بعد ان کی کم ترین قدر ہے۔ اس وقت چِپ بنانے والی کمپنی این ویڈیا ویڈیو گیمز کے گرافکس کارڈز کی مارکیٹ میں برتری حاصل کرنے کے لیے ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز (اے ایم ڈی) سے مقابلہ کر رہی تھی جبکہ ٹیبلٹس اور دیگر موبائل ڈیوائسز کی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے بھی جدوجہد کررہی تھی۔
جمعرات کو چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے استعفے کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمت میں 5 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی جبکہ ان کے مبینہ ازدواجی تعلقات کی خبروں کے بعد رواں ہفتے حصص کی قیمت مجموعی طور پر تقریباً 12 فیصد گر چکی ہے۔
چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا جبکہ این ویڈیا مستقل جانشین کی تلاش کررہی ہے۔
تاہم قیادت سے متعلق خدشات ہی سرمایہ کاروں کی پریشانی کا واحد سبب نہیں۔ این ویڈیا کے گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز) نے اے آئی کے شعبے میں تیزی کو تقویت دی ہے لیکن اب کمپنی کے حصص اپنی ریکارڈ بلند ترین سطح سے 30 فیصد سے زیادہ نیچے آچکے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کی رفتار سست پڑنے کے خدشات ہیں۔
شکاگو میں قائم ایرینا پرائیویٹ ویلتھ کے شریک سربراہ اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر ایرک کراٹز نے کہا کہ یہ قیادت کی تبدیلی کا معاملہ ہے، طلب میں کمی کا نہیں۔ چیف ایگزیکٹو کے استعفے کی وجہ سے کوئی بھی جی پی یو کے آرڈرز منسوخ نہیں کر رہا۔ ماضی میں اچانک چیف ایگزیکٹو کی علیحدگی کے بعد حصص کی قیمتوں کو سنبھلنے میں وقت لگا ہے کیونکہ اس دوران مارکیٹ تحقیقات اور نئے سربراہ کی تلاش کے عمل سے گزر رہی ہوتی ہے۔
این ویڈیا منگل کو سہ ماہی مالیاتی نتائج جاری کرے گی۔ سرمایہ کاروں کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ آیا ہوانگ کے بغیر بھی کمپنی اپنی تیز رفتار ترقی برقرار رکھ سکتی ہے۔
سرمایہ کار عموماً کم قیمت بہ نسبت آمدنی (پی ای) والے حصص کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم حصص کی کم قدر اس شک کی عکاسی بھی کر سکتی ہے کہ آیا کمپنی کی متوقع آمدنی حقیقت کا روپ دھار سکے گی یا نہیں۔
حالیہ ہفتوں میں این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود تجزیہ کاروں نے اب تک کمپنی کے منافع میں مضبوط اضافے کی پیش گوئیاں برقرار رکھی ہیں۔ ان کی توقع ہے کہ این ویڈیا کی چِپس کی طلب بدستور رسد سے زیادہ رہے گی۔ تاہم کمپنی کے سہ ماہی نتائج سامنے آنے کے بعد یہ صورت حال تبدیل ہو سکتی ہے۔
ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق تجزیہ کاروں کو اوسطاً توقع ہے کہ اکتوبر میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران این ویڈیا کی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر 92 فیصد اضافہ ہوگا اور خالص منافع 60 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 89 فیصد زیادہ ہوگا۔ سرمایہ کار کولیٹ کریس کی جانب سے کمپنی کے مستقبل کے کاروباری امکانات کے بارے میں دی جانے والی وضاحت سننے کے منتظر ہوں گے جو ممکن ہے کہ خود مالیاتی نتائج سے بھی زیادہ اہمیت رکھتی ہو۔





















Comments