’ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں‘، ٹرمپ کا جے ڈی وینس کو ایران کے بجائے امریکا میں بدعنوانی پر توجہ دینے کا مشورہ
- ٹرمپ چاہتے ہیں کہ نائب صدر جے ڈی وینس ڈیموکریٹس کے زیرِانتظام شہروں میں بدعنوانی کے خلاف کارروائی پر توجہ دیں، ان کے بقول بجٹ میں توازن لانے کے لیے یہ معاملہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے زیادہ اہم ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ نائب صدر جے ڈی وینس ڈیموکریٹس کے زیرِانتظام امریکی شہروں میں جرائم اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی پر ’’اپنی پوری توجہ مرکوز‘‘ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کوشش سے ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے مقابلے میں زیادہ رقم بچائی جا سکتی ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’بڑے پیمانے پر جاری اس مجرمانہ سرگرمی کی روک تھام سے ہمارا بجٹ تیزی سے متوازن ہو سکتا ہے۔ بدعنوانی ڈیموکریٹ قیادت کے خون میں شامل ہے!‘‘
انہوں نے مزید لکھا، ’’ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ وہ دن بہت پہلے گزر چکے ہیں۔ ہمارے پاس ان کی رقم، یعنی سیکڑوں ارب ڈالر، بھی ہے اور ان کی آبنائے بھی ہمارے کنٹرول میں ہے!‘‘
وینس، جنہیں ایران کے ساتھ تنازع حل کرنے کی کوششوں میں کردار سونپا گیا تھا، بدھ کے روز ڈیموکریٹس کے ہاتھوں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی بدترین شکست کے بعد ٹرمپ کی جنگی پالیسی سے فاصلہ اختیار کرتے دکھائی دیے۔
انہوں نے اس اقدام کی لاگت پر بھی سوال اٹھایا اور ریپبلکنز کی انتخابی شکست کا ذمہ دار ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا۔
وینس، جنہیں 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکنز کے نمایاں ممکنہ امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے، نے یہ بھی کہا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے پہلے دی گئی سفارش ’’درست مشورہ‘‘ تھی۔
ٹرمپ جنوری 2025 میں وائٹ ہاؤس میں اپنی دوسری مدتِ صدارت شروع کرنے کے بعد سے ڈیموکریٹس کے زیرِانتظام شہروں کو ان کی امیگریشن پالیسیوں اور مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔




















Comments