پرل کانٹی نینٹل کے مالک کا ٹھٹھہ سیمنٹ، فوجی فاؤنڈیشن تنظیمِ نو معاہدے سے اظہارِ لاتعلقی
- دونوں میں سے کسی بھی فائلنگ میں مجوزہ تنظیمِ نو کی شرائط، طریقہ کار یا مالیت کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں
پاکستان سروسز لمیٹڈ، جو پرل کانٹی نینٹل (پی سی) ہوٹلز کی چین کی مالک اور منتظم ہے، نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایچ سی سی ایل) اور فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف) کے درمیان کمپنی کی مجوزہ تنظیمِ نو سے متعلق طے پانے والے حتمی معاہدے میں وہ فریق نہیں ہے اور نہ ہی اسے اس بارے میں کوئی اطلاع دی گئی ہے۔
یہ بیان ٹھٹھہ سیمنٹ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس میں کمپنی نے بتایا تھا کہ اس نے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیمِ نو کے سلسلے میں فوجی فاؤنڈیشن کے ساتھ حتمی معاہدہ کر لیا ہے۔
پاکستان سروسز نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے ٹھٹھہ سیمنٹ اور فوجی فاؤنڈیشن کے درمیان کمپنی کی مجوزہ تنظیمِ نو سے متعلق کسی حتمی معاہدے کے طے پانے کے بارے میں نہ تو مطلع کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے اس کا علم ہے۔
کمپنی نے کہا کہ لہٰذا وہ مذکورہ اعلان میں بیان کردہ حتمی معاہدے کا حصہ نہیں ہے۔
ٹھٹھہ سیمنٹ نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی اپنی فائلنگ میں کہا تھا کہ کمپنی نے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیمِ نو کے حوالے سے فوجی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک حتمی معاہدہ کیا ہے، تاہم اس پر متعلقہ کارپوریٹ، ضابطہ جاتی اور دیگر ضروری منظوریوں کا حصول لازمی ہوگا۔
دونوں کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی کسی بھی فائلنگ میں مجوزہ تنظیمِ نو کی شرائط، ڈھانچے یا مالیت کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
یہ پیش رفت فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس میں سے ایک کے طور پر، چند روز قبل پاکستان سروسز لمیٹڈ میں 19.70 فیصد حصص تقریباً 6 ارب 55 کروڑ روپے، یعنی 2 کروڑ 37 لاکھ ڈالر میں حاصل کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
فوجی فاؤنڈیشن نے 2 نومبر 2026 کو پاکستان سروسز کے 64 لاکھ 6 ہزار 797 ووٹنگ شیئرز فی حصص 1,022.42 روپے کے حساب سے خریدے، جس کے بعد کمپنی کے مجموعی ووٹنگ حصص میں اس کی ملکیت کا تناسب 19.70 فیصد ہوگیا۔
پاکستان سروسز لمیٹڈ کا قیام 1958 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز کی چین کی ملکیت اور انتظام و انصرام ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی اپنے تجارتی نشان اور نام کے استعمال کے لیے فرنچائز بھی فراہم کرتی ہے اور لاہور میں نسبتاً کم بجٹ کا ایک ہوٹل بھی چلاتی ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران کمپنی کے حصص کی ملکیت میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے پاکستان سروسز لمیٹڈ کے 27.95 فیصد حصص 6 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد میں حاصل کیے تھے۔ اسی روز داؤد جان محمد نے بھی کمپنی کے 28 فیصد ووٹنگ شیئرز فی حصص 700 روپے کے حساب سے خریدے تھے۔
اس کے بعد ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے پاکستان سروسز لمیٹڈ کے 28 فیصد حصص 6 ارب 45 کروڑ روپے میں، یعنی فی حصص 710 روپے کے حساب سے حاصل کر لیے ہیں۔
ستمبر 2026 میں ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا معاملے کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کے لیے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیمِ نو کے حوالے سے اصولی اتفاقِ رائے بھی حاصل کر لیا تھا۔





















Comments