BR100 Increased By (0.53%)
BR30 Increased By (0.7%)
KSE100 Increased By (0.58%)
KSE30 Increased By (0.62%)
BAFL 60.90 Increased By ▲ 0.26 (0.43%)
BIPL 24.52 Increased By ▲ 0.14 (0.57%)
BOP 31.97 Increased By ▲ 0.35 (1.11%)
CNERGY 11.75 Decreased By ▼ -0.02 (-0.17%)
DFML 15.99 Increased By ▲ 0.17 (1.07%)
DGKC 212.50 Increased By ▲ 2.42 (1.15%)
FABL 97.10 Increased By ▲ 0.45 (0.47%)
FCCL 63.15 Increased By ▲ 1.06 (1.71%)
FFL 14.90 Increased By ▲ 0.17 (1.15%)
GGL 19.65 Increased By ▲ 0.23 (1.18%)
HBL 314.11 Increased By ▲ 0.87 (0.28%)
HUBC 209.15 Increased By ▲ 0.17 (0.08%)
HUMNL 8.98 Increased By ▲ 0.18 (2.05%)
KEL 6.18 Increased By ▲ 0.02 (0.32%)
LOTCHEM 25.00 Decreased By ▼ -0.05 (-0.2%)
MLCF 107.10 Increased By ▲ 1.83 (1.74%)
OGDC 317.45 Increased By ▲ 1.36 (0.43%)
PAEL 35.99 Increased By ▲ 0.55 (1.55%)
PIBTL 13.90 Increased By ▲ 0.11 (0.8%)
PIOC 278.35 Increased By ▲ 3.67 (1.34%)
PPL 225.75 Increased By ▲ 0.40 (0.18%)
PRL 80.25 Decreased By ▼ -0.14 (-0.17%)
SNGP 95.29 Increased By ▲ 0.56 (0.59%)
SSGC 24.53 Increased By ▲ 0.12 (0.49%)
TELE 7.66 Increased By ▲ 0.07 (0.92%)
TPLP 13.24 Increased By ▲ 0.14 (1.07%)
TRG 55.40 Increased By ▲ 0.57 (1.04%)
UNITY 8.69 Increased By ▲ 0.35 (4.2%)
WTL 1.28 Increased By ▲ 0.06 (4.92%)
اداریہ

چینی کی صنعت کی سیاسی سرپرستی

  • اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی نے بظاہر ذخائر اور ملکی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد برآمدات کی اجازت دینے کا راستہ صاف کیا ہے
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی حکومت کے حالیہ فیصلے کے تحت اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس کے ساتھ یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ مقامی صارفین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ماضی کے ایسے ہی واقعات کی یاد تازہ کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھے جائیں، مارکیٹ میں استحکام یقینی بنایا جائے اور خوردہ قیمتوں میں اضافے کو روکا جائے۔

اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی نے بظاہر ذخائر اور ملکی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد برآمدات کی اجازت دینے کا راستہ صاف کیا ہے۔ تمام ضروری حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، بالکل اسی طرح جیسے پاکستان میں چینی سے متعلق بار بار دہرائی جانے والی پالیسی کے گزشتہ ادوار میں بھی کرائی جاتی رہی ہے۔

مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان بارہا یہ ثابت کرچکا ہے کہ چینی برآمد کرنے کی کوشش کس قدر آسانی سے اپنے ہی معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے والی مہنگی مشق میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ ماضی میں برآمدات کی اجازت دی گئی، بعض اوقات اس کے ساتھ سبسڈی یا دیگر مراعات بھی فراہم کی گئیں، لیکن اس کے بعد ملک کو مقامی سطح پر قلت، قیمتوں میں اضافے اور مہنگے داموں چینی درآمد کرنے کی ضرورت کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں ملک بیرون ملک چینی فروخت کرکے زرمبادلہ حاصل کرتا ہے، لیکن جیسے ہی مقامی رسد کم ہوتی ہے تو اسی چینی کو واپس منگوانے کے لیے قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔

اس پالیسی کی مضحکہ خیزی کو اس سے زیادہ بہتر انداز میں بیان کرنا مشکل ہے، خواہ پالیسی ساز جان بوجھ کر ایسا نظام بنانے کی کوشش ہی کیوں نہ کررہے ہوں جو اپنے ہی اعلان کردہ مقاصد کو ناکام بنادے۔

اس کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیاسی معیشت میں چینی کو ایک غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ اس صنعت کی ملکیت طویل عرصے سے بااثر سیاسی خاندانوں اور ایسے افراد کے ہاتھ میں رہی ہے جنہیں اقتدار کے ایوانوں تک نمایاں رسائی حاصل ہے۔ اس صورت حال میں جب بھی پیداوار، قیمتوں کے تعین، برآمدات، درآمدات اور سبسڈی سے متعلق فیصلے حکومت کے سامنے آتے ہیں تو مفادات کا واضح ٹکراؤ پیدا ہوتا ہے۔

سازگار حکومتی پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے والے افراد اکثر ان لاکھوں صارفین کے مقابلے میں کہیں زیادہ منظم اور سیاسی اثرورسوخ کے حامل ہوتے ہیں جو بالآخر ان پالیسیوں کی ناکامی کی قیمت ادا کرتے ہیں۔

یہ خرابیاں چینی ملوں تک پہنچنے سے بہت پہلے ہی شروع ہوجاتی ہیں۔ گنے کی کاشت کے لیے زمین اور پانی کے وسیع وسائل درکار ہوتے ہیں، خصوصاً ایسے ملک میں جو پہلے ہی پانی کی شدید قلت اور زرعی پیداوار کے مسائل کا سامنا کررہا ہے۔ گنے کی فصل کے حق میں سیاسی اور انتظامی مراعات نے ایسے پیداواری ڈھانچے کو برقرار رکھنے میں مدد دی ہے جس کے وسیع تر معاشی قیمت پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔

زمین، آبپاشی کے وسائل اور سرکاری پالیسیاں ایک ایسی صنعت کی جانب منتقل ہوجاتی ہیں جسے طاقتور سرپرستوں کی حمایت حاصل ہے، جبکہ دیگر متبادل فصلوں اور مجموعی زرعی معیشت کو اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سوال کا زیادہ باریک بینی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آیا وسائل کی یہ تقسیم قومی زرعی ترجیحات کے مطابق ہے یا نہیں۔

حکومت کا یہ اعتماد بھی بہت کچھ ظاہر کرتا ہے کہ محض انتظامی ہدایات جاری کرکے مارکیٹ کے دباؤ کو پیدا ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ اسٹریٹجک ذخائر یقیناً ضروری ہیں اور حقیقی معنوں میں اضافی پیداوار برآمد بھی کی جاسکتی ہے۔

لیکن دستیابی کے تخمینوں کی آزادانہ جانچ پڑتال ہونی چاہیے، ان میں کھپت اور موسمی غیر یقینی صورت حال کو مدنظر رکھا جانا چاہیے اور ان کی بنیاد ذخائر کی قابل اعتماد تصدیق پر ہونی چاہیے۔ کابینہ کمیٹی کی یقین دہانی شفاف اعدادوشمار، قابل عمل شرائط اور ایسے واضح طریقہ کار کا متبادل نہیں ہوسکتی جس کے تحت مقامی رسد میں کمی کے آثار ظاہر ہوتے ہی برآمدات معطل کردی جائیں۔

لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے کی بنیاد بننے والے چینی کے ذخائر، ملکی ضروریات کے تخمینوں، اسٹریٹجک ذخائر سے متعلق وعدوں اور برآمد کی جانے والی مقدار کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرے۔ حکومت کو یہ بھی واضح کرنا چاہیے کہ آیا برآمد کنندگان کو براہ راست یا بالواسطہ کوئی مالی مراعات فراہم کی جائیں گی اور ان شرائط پر عمل درآمد کی نگرانی کس طرح کی جائے گی۔

اس طرح کی معلومات کی فراہمی سے عوام خود فیصلہ کرسکیں گے کہ آیا یہ اقدام واقعی اضافی چینی کی موجودگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے یا یہ ایک اور خوش فہمانہ تخمینہ ہے جس کے اخراجات بعد میں سامنے آسکتے ہیں۔ اس صنعت کے سیاسی روابط اور چینی کی مارکیٹ میں خلل کے حوالے سے ملک کے سابقہ تجربات کو دیکھتے ہوئے عوام کا شکوک و شبہات کا شکار ہونا بالکل جائز ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا چینی کا مسئلہ صرف ایک سیزن کی برآمدات کے حساب کتاب تک محدود نہیں ہے۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے نمایاں سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے تجارتی مفادات کو ایسے فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت دی ہے جن کی بنیاد غذائی تحفظ، وسائل کی مؤثر تقسیم اور صارفین کی فلاح و بہبود ہونی چاہیے تھی۔

اس کے نتیجے میں پالیسیوں میں عدم استحکام پیدا ہوا ہے اور سرکاری یقین دہانیوں پر عوام کا اعتماد بار بار مجروح ہوا ہے۔ جب تک مفادات کے اس ٹکراؤ کا سامنا نہیں کیا جاتا اور اس صنعت کو حاصل خصوصی مراعات میں سنجیدہ اصلاحات نہیں کی جاتیں، تحفظ کی ہر نئی یقین دہانی اسی پریشان کن سوال کو جنم دیتی رہے گی کہ آخر کس کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے؟

ایک پرانا مشاہدہ ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی جماعت حکومت میں ہو، چینی کی صنعت اقتدار میں رہتی ہے۔ چینی کی تازہ ترین برآمدی اجازت اس خیال کو ترک کرنے کی کوئی خاص وجہ فراہم نہیں کرتی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

Comments

200 حروف