امریکا، ایران کشیدگی کم کرنے کیلئے قطر کی ثالثی کی کوششیں جاری
- وسط مدتی انتخابات کے بعد بھی امریکی انتظامیہ مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے آمادہ ہے، قطری وزیراعظم
الجزیرہ ٹی وی نے ہفتے کو رپورٹ کیا کہ قطر کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی قطر کی کوششیں جاری ہیں۔
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے کہا کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد بھی امریکی انتظامیہ مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے آمادہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاہدے تک پہنچنے میں واشنگٹن کی دلچسپی برقرار ہے۔
اس معاملے پر نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے اعتماد ظاہر کیا کہ کسی سمجھوتے تک پہنچنا ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی مثالی معاہدے کے انتظار میں نہیں رہ سکتے، ہمیں امید ہے کہ ایک اچھا معاہدہ طے پا جائے گا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ہفتے کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو میزائل جزیرہ قشم پر گرے ہیں، تاہم ممکنہ نقصان کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری معلومات سامنے نہیں آئیں۔
امریکا نے تاحال ایران کے اندر کسی ہدف پر حملے کا اعلان نہیں کیا ہے۔
خطے کے ممالک کو خدشہ تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل کئی ہفتوں تک ایران پر حملے مؤخر کر رکھے تھے، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد دوبارہ حملے شروع کرسکتے ہیں۔ ایران بارہا خبردار کرچکا ہے کہ نئے حملوں کی صورت میں وہ پڑوسی ممالک میں موجود امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔






















Comments