آسٹریلوی بلے باز کرس لین نے کوکین کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آنے پر عائد پابندی مکمل کر لی
- کرس لین کو 31 جولائی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 15 اور 16 جولائی کے دوران کوکین استعمال کی تھی
آسٹریلوی بلے باز کرس لین نے رواں سال انگلینڈ کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے دوران کوکین کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کیا۔ کرکٹ کے انگلش ریگولیٹری ادارے نے جمعرات کو اس حوالے سے تصدیق کی۔
36 سالہ کرس لین انگلش کاؤنٹی ٹیم نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کر رہے تھے۔ 18 جولائی کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے فائنل ڈے پر ڈوپنگ ٹیسٹ کے دوران ان کے نمونے میں کوکین کے اجزا پائے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی روز ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
لین کو 31 جولائی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 15 سے 16 جولائی کے دوران کوکین استعمال کی تھی۔
انگلش کرکٹ کے متعلقہ ادارے نے تسلیم کیا کہ منشیات کا استعمال مقابلوں سے باہر کیا گیا تھا اور اس کا کھیل کی کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
بعد ازاں لین کے خلاف ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے دو الزامات میں سے ایک واپس لے لیا گیا، کیونکہ ان کے نمونے میں پائے جانے والے مادے کی مقدار عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے مقرر کردہ معیار سے کم تھی۔
ابتدائی طور پر ریگولیٹری ادارے نے کرس لین پر تین ماہ کی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم نشہ آور اشیا کے استعمال سے چھٹکارے کے لیے علاج کا پروگرام مکمل کرنے کے وعدے کے بعد پابندی کم کرکے ایک ماہ کر دی گئی۔ لن نے یہ پروگرام 30 اگست کو مکمل کیا۔
کرس لین آسٹریلیا کی جانب سے چار ون ڈے انٹرنیشنل اور 18 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ پابندی کے آغاز سے اب تک انہوں نے پروفیشنل کرکٹ نہیں کھیلی اور آئندہ سیزن کے لیے تاحال بگ بیش لیگ کی کسی ٹیم کے ساتھ معاہدہ بھی نہیں کیا۔























Comments